جمعہ, مئی 9, 2025
اشتہار

پی ایس ایل : "سپر اوور” میں میری کیا کیفیت تھی؟ محمد عامر نے بتا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پی ایس ایل کی ٹیم کراچی کنگز کے بالر محمد عامر نے کہا ہے کہ کراچی کنگز کیلئے ہم جتنا کرسکتے ہیں ضرور کریں گے، میچ کے سپر اوور میں سب کی نظریں مجھ پر تھیں۔

یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کے ساتھ گزشتہ پانچ سال سے منسلک ہوں، یہ فرنچائز ہمارے لیے فیملی بن چکی ہے، سلمان اقبال اور ان کی فیملی سے ہم جڑے ہوئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز کیلئے جتنا کرسکتے ہیں ہم ضرور کریں گے، گزشتہ چند سالوں میں کراچی کنگز کی پرفارمنس میں اتار چڑھاؤ آتا رہا، کراچی کنگز کی ٹیم دو مرتبہ فائنل کے قریب پہنچی لیکن کھیل نہ سکی تھی۔

محمد عامر نے کہا کہ ہم پر مسلسل بھروسہ کیا گیا جس کا نتیجہ اب فائنل کھیلنے میں آیا ہے، کوالیفائر میں مجھے دباؤ کا سامنا تھا لیکن میں چیلنج قبول کرنا پسند کرتا ہوں میرے سپر اوور پر ٹیم کا انحصار تھا کہ فائنل کھیل سکیں گے یا نہیں؟

کراچی کنگز کے فاسٹ بالر کا قومی ٹیم کے سابق بالر سے متعلق کہنا تھا کہ وسیم اکرم جیسے لیجنڈ کھلاڑی ایسے ہی نہیں بن جاتے، پاکستان میں لیفٹ آرم پیسر وسیم اکرم کی صورت میں صرف ایک ہی آیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میں ذہنی طورپر میں تیار تھا اور وسیم اکرم نے بھی کہہ دیا تھا کہ سپر اوور تمھارا ہے، سپر اوور کیلئے مجھ پر سب کا اعتماد تھا اور ہم یہ کرگئے، فائنل میں شائقین سمیت سب کو دلچسپ میچ دیکھنے کو ملے گا۔

محمد عامر نے کہا کہ گیم پلانز پر کام کرتے ہوئے دباؤ کم ہوجاتا ہے، ڈین جونز اور مکی آرتھر کے ساتھ کام کرنے کا بہترین تجربہ رہا ہے، ڈین جونز کی تکینک ہمارے بہت کام آرہی ہے، ہم فائنل کھیل رہے ہیں اس کا سہرا ڈین جونز کو ہی جاتا ہے۔

اپنی کارکردگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے بتایا کہ میری خراب پرفارمنس پر ڈین جونز نے میرا اعتماد بحال کیا تھا وہ مجھے کھل کر بولنگ کرنے کا کہا کرتے تھے۔

کراچی کنگز کے فاسٹ بالر کا کہنا ہے کہ سال دوہزار بیس کسی کے لیے بھی زیادہ اچھا ثابت نہیں ہوا ہے لیکن پھر بھی میں صحت مند ہوں اور اچھی کرکٹ کھیل رہا ہوں یہی میرا سال ہے۔

اہم ترین

علی حسن
علی حسن
علی حسن اے آروائی نیوز سے اسپورٹس رپورٹر کی حیثیت سے وابستہ ہیں اور کھیلوں کے معاملات میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں

مزید خبریں