لاہور : سزا یافتہ کرکٹر محمد عامر کو دورہ نیوزی لینڈ کے فٹنس کیمپ میں شمولیت کی اجازت مل گئی۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش لیگ میں شانداربولنگ نے پی سی بی کومجبور کر دیا کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزایافتہ کرکٹر محمدعامرکو دوبارہ قومی ٹیم میں شامل کیا جائے۔
سزایافتہ کرکٹر محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ کی جانب پہلا قدم بڑھا دیا، قائد اعظم ٹرافی اور بنگلہ دیش پریمیئرلیگ میں شاندار کارکردگی واپسی کی بڑی وجہ بنی۔
ساتھی کھلاڑیوں کی مخالفت کے بعد بھی محمد عامرکو یہ موقع دیا گیا ہے جہاں سے وہ نیوزی لینڈ کے لئے متخب ہو سکتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے محمد عامرکو فٹنس کیمپ کی اجازت دے دی۔ دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ابتدائی چھبیس کھلاڑیوں میں عامرکانام بھی شامل ہیں۔
اے آروائی نیوزسے خصوصی گفتگوکرتے ہوئےمحمد عامرنے کہاکہ والدین اوردوستوں کا شکرگزارہوں، جنہوں نے مشکل وقت میں سپورٹ کیا۔ وعدہ کرتا ہوں کہ پاکستان کی گرین شرٹ اور کیپ کا وقار رکھوں گا۔ جولوگ مخالف ہیں انہیں اپنی کارکردگی سے اپنابنالوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی بہت تلخ تھا، بھولناچاہتاہوں، دورہ نیوزی لینڈ کی تیاریوں کیلئے فٹنس کیمپ اکیس دسمبر سے سات جنوری تک لاہور میں جاری رہےگا۔ نیوزی لینڈ کے دورے پر قومی ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی کھیلے گی۔