پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے کہا ہے کہ محمد عباس کی کارکردگی ان لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے جنہوں نے تین سال اسے باہر رکھا۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے پہلے ٹیسٹ میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ عباس کی پرفارمنس زندگی بھر یاد رکھی جائے گی اُن کی بولنگ ناقدین کےلیے طمانچہ ہے۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ محمد عباس نے اپنی کارکردگی سے ان لوگوں کو غلط ثابت کیا جو انہیں کھلا نہیں رہے تھے ان کی پرفارمنس کبھی بھلائی نہیں جاسکتی۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ قومی ٹیم نے بھرپور مقابلہ کیا مگر بدقسمتی سے میچ نہیں جیت سکے دوسرے بولرز کو بھی عباس کا ساتھ دینا چاہیے تھا، میچ پاکستان کے ہاتھ میں تھا اگر دوسرے بولر عباس کا ساتھ دیتے ہوئے میچ جیت سکتے تھے۔
سنچورین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔
باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے چوتھے روز جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے صرف 121 رنز درکار تھے۔ پروٹیز نے سنسنی خیز مقابلے بعد 8 وکٹیں گنوا کر یہ ہدف حاصل کر لیا۔ محمد عباس کی دوسری اننگ میں چھ وکٹیں رائیگاں گئیں۔