اسلام آباد : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئیں، ان کے استعمال کے لئے سامان اور لگژری گاڑیاں وزیر اعظم ہاؤس پہنچا دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 16فروری کواپنے بڑے وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کریں گے، دورہ کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی، ان کے استقبال اور دورے سے متعلق تمام تیاریاں آخری مرحلے میں ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سات بی ایم ڈبلیو سیون سیریز ،ایک لینڈ کروزر اور آٹھ کنٹینرز پر مشتمل سامان پاکستان پہنچ گیا، سعوی ولی عہد کے استعمال کے لئے سامان وزیر اعظم ہاوس پہنچا دیا گیا، لگژری گاڑیوں کو سعودی عرب سے دو سی ون تھرٹی طیاروں پر نور خان ایئر بیس لایا گیا۔
اس کے علاوہ شاہی مہمانوں کی رہائش کیلئے آٹھ ہوٹلوں میں ساڑھے سات سو کمروں کی بکنگ کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے طیارے میں40رکنی وفد اور شاہی گارڈ کا دستہ ہمراہ ہوگا۔
مزید پڑھیں: سعودی ولی عہد 16 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے، سعودی سفیر
ذرائع کے مطابق ہوٹل انتظامیہ کو ایڈوانس بکنگ کینسل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، مذکورہ ہوٹلوں کو سیکورٹی کلیئرنس کیلئے ایک روز قبل سیل کردیا جائے گا، سعودی وفد کی آمد سے قبل سیکورٹی ادارے ہوٹلز کا کنٹرول سنبھال لیں گے۔