ہفتہ, فروری 1, 2025
اشتہار

’بابر اعظم کو آرام دیا جا سکتا ہے‘

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ بابر اعظم کو آرام دیا جا سکتا ہے۔

سڈنی ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ کا اہم بیان سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ سابق قومی کپتان بابر اعظم کو آرام دیا جا سکتا ہے۔

محمد حفیظ نے سڈنی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابر اعظم کو آرام دینے سے پہلے سوچنا ہوگا کہ وہ خود کیا چاہتے ہیں؟ اگر انہیں لگتا ہے کہ انہیں کسی جگہ مدد چاہیے تو ہم اس کے لیے موجود ہیں۔ کھلاڑی کسی تیکنیک کو بہتر بنانے کیلیے بھی بات کر سکتا ہے۔

ٹیم ڈائریکٹر نے کہا کہ بابر اعظم محنتی ہیں، وہ بھرپور ٹریننگ کرتے ہیں، بابر اعظم کو اپنا اعتماد بحال کرنے کے لیے صرف ایک بڑی اننگز کی ضرورت ہے۔ ریڈ بال کرکٹ کھیل میں نکھار لاتی ہے اور یہ کرکٹ کھیلنے والا سارے فارمیٹ کھیل سکتا ہے۔

محمد حفیظ نے شاہین شاہ آفریدی کو سڈنی ٹیسٹ نہ کھلانے پر کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کی وجہ سے شاہین کو آرام دیا گیا۔ فاسٹ بولر کو ورک لوڈ کی وجہ سے آرام دیا گیا تھا کیونکہ انہوں نے مجھ سے خود بات کی تھی اور آرام مانگا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے تھے کہ وہ ورک لوڈ کی وجہ سے کسی بھی انجری کا شکار ہو جائیں اور ان کا کیریئر خراب ہو جائے۔

محمد حفیظ نے کہا کہ نسیم شاہ انجری کا شکار ہیں، ایسا نہیں کہ وہ نہیں تو ٹیم نہیں چلے گی، ان کی جگہ عامر جمال آگئے، دورہ آسٹریلیا میں پاکستان ٹیم نے اچھی کرکٹ کھیلی، کچھ ایسے لمحات تھے جس سے ٹیم فوری فائدہ نہ اٹھا سکی۔ میلبرن ٹیسٹ میں کیچز ڈراپ ہونے کی وجہ سے شکست ہوئی، دورے پر غلطیاں بھی کیں جسے درست کرنے کی ضرورت ہے۔

محمد حفیظ نے کہا کہ آئی سی سی کو ٹیسٹ کرکٹ کے لیے ایک تجویز دوں گا، تمام بورڈز کے لیے اسٹینڈرڈ ٹیسٹ فیس لے کر آئے تاکہ تمام ٹیسٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو فیس برابر ملے چاہے وہ کھلاڑی آسٹریلیا کا ہو یا کسی دوسرے ملک کا ایک اسٹینڈرڈ ٹیسٹ فیس ہونی چاہیے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں