لاہور : پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس کے ایک اہم کردار محمد عرفان نے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرادیا۔ انہوں نے بکیز کی جانب سے پیشکش کا اعتراف کیا اور یہ بھی مانا کہ رپورٹ نہ کرنے کی غلطی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق لمبے قد کی وجہ سے نمایاں بولر محمد عرفان لمبے پھنس گئے،اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عرفان نے اینٹی کرپشن یونٹ کو اپنا بیان ریکارڈ کرادیا.
اپنے بیان میں انہوں نے اعتراف کیا کہ پانچ مرتبہ اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش ہوئی تھی، لیکن اسے قبول نہیں کیا، انہوں نے بتایا کہ بکیز نے جب مجھ سے رابطہ کیا تو تب میرے والدین کی طبیعت ناساز تھی، والدین کے انتقال کی پریشانی کی وجہ سے ٹیم مینجمنٹ کو آگاہ نہ کرسکا۔
مزید پڑھیں : جس نے کرپشن کی وہ کیریئر ختم سمجھے، شہریار خان
وجہ بتاتے ہوئے عرفان جذباتی ہو گئے اور کہا کہ ستمبر میں والد فوت ہوئے اس کے بعد والدہ بیمار ہوگئیں پھر وہ بھی جنوری میں اللہ کو پیاری ہو گئیں، خبر سن کرآسٹریلیا کے دورے سے واپس آنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ ذہنی دباؤ تھا اس لئے رپورٹ نہ کرسکا، اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں تھا کہ میں نے جرم کیا ہے جس کا اعتراف کرتا ہوں پرغلط کام نہیں کیا۔
فکسنگ کی پیشکش قبول نہیں کی۔ نہ ہی کبھی فکسنگ کی۔ معافی مل گئی تو سبق سیکھوں گا۔ یونٹ نے محمد عرفان کے بیان کی ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ کرلی ہے جو ٹریبیونل کے سامنے پیش کی جائیگی۔