لاہور: پنجاب کی نگراں حکومت نے سابق وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کی ضمانت چیلج کر دی۔
محمد خان بھٹی کی ہائی وے کے افسروں کے تقرر کیلیے رشوت لینے کے کیس میں ضمانت کی منظوری کا فیصلہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔
پنجاب حکومت نے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل علی حسن کی وساطت سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں بتایا گیا کہ اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹر نے 26 جنوری 2023 کو محمد خان بھٹی سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا اور ایف ائی آر کے مطابق ملزم نے ہائی وے افسروں کی تعیناتی کیلیے کروڑوں روپے رشوت لی۔
اپیل میں نشاندہی کی گئی کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد ہونے کے باوجود اینٹی کرپشن کورٹ نے 22 مارچ کو ضمانت منظور کی۔ استدعا کی گئی کہ اینٹی کرپشن کورٹ کا ملزم محمد خان بھٹی کی ضمانت منظوری کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
گزشتہ ماہ محمد خان بھٹی پر الزامات کی تفصیلات سامنے آئی تھی۔ نیب رپورٹ کے مطابق ملزم نے شریک ملزمان کے ساتھ مل کر غیر قانونی اسکیمیں منظور کروائیں، ملزم نے کک بیکس کیلیئے من پسند کنٹریکٹرز کو ٹھیکے دلوائے، تحقیقات کے مطابق ملزم کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز میں ملوث پائے گئے ہیں۔
نیب کے مطابق انہوں نے شریک ملزمان سے مل کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا اور من پسند افسران کو گجرات میں تعینات کروا کے فوائد لیے۔