کراچی : وفاقی وزیر برائے ہوا بازی محمد میاں سومرو نے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن سمیت پاکستان کی فضائی صنعت کی بہتری کیلئے کوشاں ہیں، فیئراسکائی پالیسی اور دیگر امور پر کام جاری ہے۔
یہ بات انہوں نے اے ایس ایف ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی، قبل ازیں وفاقی وزیر محمد میاں سومرو اے ایس ایف ہیڈ کوارٹر پہنچے تو ڈی جی اے ایس ایف میجر جنرل ظفر الحق نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، وفاقی وزیر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
محمد میاں سومرو نے اے ایس ایف کے شہداء یادگار پر حاضری بھی دی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ڈی جی اے ایس ایف کی جانب سے وفاقی وزیر کو ادارے سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد میاں سومرو کاکہنا تھا کہ سیکیورٹی کی صورتحال کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اوپن اسکائی پالیسی کے باعث پی آئی اے نقصان سے دوچار ہوئی۔
حکومت اوپن اسکائی پالیسی کے بجائے فیئراسکائی پالیسی اور دیگر امور پر کام کر رہی ہے، وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ کوکین کی برآمدگی کے پے درپے واقعات رونما ہونے کے حوالے سے ادارے تحقیقات کر رہے ہیں۔۔