جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین کی خودکشی کے بعد ملتان سلطان کے کپتان محمد رضوان کا بیان بھی سامنے آگیا ہے۔
گزشتہ روز جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین اپنے گھر میں مردہ پائے گئے، پولیس اور اہل خانہ نے اسے خودکشی قرار دے دیا ہے، ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے اس حوالے سے اپنا ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔
ملتان سلطان کے کپتان محمد رضوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ سب کو پتہ چلا ہے کہ عالمگیر ترین صاحب اللہ کے پاس چلے گئے ہیں، آج یہ افسوس ناک خبر ملی ہے۔
خود کشی سے پہلے جہانگیرترین کے بھائی نے خط میں کیا لکھا تھا؟
انہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف ملتان سلطانز کے اونر تھے بلکہ ایسے بہت سے کام تھے جو پاکستان کی اور لوگوں کی خدمت کر رہے تھے، ذاتی طور پر مجھے اس کے بارے میں پتہ ہے۔
Alamgir Tareen – Till we meet again, sir! 🤲 pic.twitter.com/KVuVQs8yBB
— Muhammad Rizwan (@iMRizwanPak) July 6, 2023
رضوان نے کہا کہ میں اس بات کا بھی گواہ ہوں کہ آخری بار جب میری ان سے بات ہوئی تھی تو جو ہماری ٹیم جا رہی تھی حج کیلئے آخری ٹائم پر ہم نے ان سے درخواست کی تھی ساتھ چلنے کی لیکن انہوں نے کہا تھا کہ ابھی تو بہت کم ٹائم ہے اگلے سال انشاء اللہ آپ لوگوں کے ساتھ رہوں گا۔
آخر میں رضوان نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ عالمگیر ترین کیلئے دعا کریں کہ اللہ ان کی مغفرت فرمائے اور جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ عالمگیر ترین اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے، ابتدائی تفتیش کے مطابق عالمگیر ترین نے دائیں کنپٹی پر ایک گولی چلائی، پوسٹ مارٹم کےبعد میت گھر منتقل کردی گئی ہے، لاش کے پاس سے ملنے والی پستول اور تحریری نوٹ فرانزک کے لیے بھجوادیا گيا ہے۔
عالمگیر ترین معروف بزنس مین اور پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے مالک اور منیجنگ ڈائریکٹر تھے۔