پیر, جون 30, 2025
اشتہار

’ہر مسلمان قرآن کو اپنے دل میں محفوظ رکھتا ہے‘

اشتہار

حیرت انگیز

قومی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر کہا ہے کہ ہر مسلمان قرآن کو اپنے دل میں محفوظ رکھتا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اظہار خیال کیا ہے۔

محمد رضوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ہر مسلمان نے قرآن پاک کی آیات کو اپنے دل میں محفوظ کر رکھا ہے اور اس قدر محفوظ چیز کو نقصان پہنچانا صرف اس وقت ہی ممکن ہو سکتا ہے جب اس کا محافظ اسے دل سے نکال دے۔

محمد رضوان نے لکھا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی تو دور کی بات کوئی ایسا سوچ بھی نہیں سکتا۔ ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں، ان مذاہب کے ماننے والوں کے جذبات اپنے مذہب سے جڑے ہوتے ہیں اور ہم بھی دوسروں سے اسی کی درخواست کرتے ہیں۔

 

واضح رہے کہ سوئیڈن میں عیدالاضحیٰ کے روز ایک گستاخ شخص نے مسجد کے سامنے پولیس کی نگرانی میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی تھی جس کے بعد دنیا بھر کے مسلمانوں کا احتجاج جاری ہے جب کہ غیر مسلم ممالک کی جانب سے بھی اس ناپاک حرکت کی مذمت کی جا رہی ہے۔

دنیا بھر میں شدید احتجاج کے بعد سوئیڈن نے بھی قرآن پاک کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دینے پر غور شروع کر دیا ہے اور سوئیڈن کے وزیر انصاف کا کہنا ہے کہ حالیہ واقعات سے سوئیڈن کی داخلی سلامتی کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔

سویڈن کے وزیر انصاف گونار اسٹرومر نے کہا کہ حکومت قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لی رہی ہے اور قرآن پاک سمیت دیگر مقدس کتب کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں