قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد سمیع کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم میں موجودگی سے بولنگ کمبی نیشن زیادہ خطرناک ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں محمد سمیع نے کہا کہ پاکستان کو شاہین آفریدی کی ضرورت تھی کیونکہ ہمارے پاس اسٹرائیک باؤلر کی کمی تھی، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شاہین شاہ آفریدی کی موجودگی سے اب باؤلنگ کمبی نیشن مہلک ہو گا۔
سابق فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ حارث رؤف اور وسیم جونیئر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور اگر آپ شاہین کو لاتے ہیں تو یہ ٹرائیکا مزید خطرناک ہوجائے گی۔
محمد سمیع جو اس وقت پاکستان جونیئر لیگ میں مردان واریئرز کے ساتھ بطور بولنگ کوچ اپنی ذمے داریاں نبھارہے ہیں، انہوں نے پاکستان جونیئر لیگ کے انعقاد کو نوجوان کھلاڑیوں کو بونس قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: سوریا کمار یادیو مضحکہ خیز انداز میں آؤٹ، ویڈیو وائرل
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر پُرامید ہے کہ ہمیں اس لیگ سے بہت سارے اچھے کھلاڑی ملیں گے، ہمارا ملک ٹیلنٹ سے بھرا ہوا ہے لیکن انہیں ایک پلیٹ فارم اور رہنمائی کی ضرورت ہے تاکہ وہ مستقبل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔
یاد رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کو گھٹنے کی انجری کے باعث ایشیا کپ، انگلینڈ سیریز کے ساتھ ساتھ حالیہ سہ فریقی سیریز سے بھی باہر ہونا پڑا تھا، بائیں ہاتھ کے پیسر کو فوری طور پر ان کے زخمی گھٹنے کی بحالی کے لیے لندن بھیجا گیا تھا اور اب وہ مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے لئے قومی اسکواڈ کو جوائن کرچکے ہیں۔