جمعرات, جون 26, 2025
اشتہار

وزیراعظم کا بارشوں سے جاں بحق اور زخمیوں کیلیے امداد کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ملک میں حالیہ بارشوں میں جاں بحق  ہونے والے افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ اور زخمیوں کے لئے 5لاکھ روپے  فی کس امداد کا اعلان کر دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بارش سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیاجائےگا متاثرین کی آبادکاری تک امداد جاری رکھیں گے، عوام کی خدمت حکومت کا فرض ہے، مکمل تباہ ہونے والے گھروں  کے مالکان کو ساڑھے 7 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائےگا۔

منگل کو وزارت اعظمیٰ کا حلف اٹھانے کے اگلے ہی روز وزیراعظم شہبازشریف نے حالیہ طوفانی بارشوں  سے متاثرہ گوادر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وزیراعظم کا استقبال کیا ۔وزیرِ اعظم نے دوران پرواز چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے گوادر اور جنوبی بلوچستان میں حالیہ طوفانی بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی کاروائیوں پر بریفنگ لی۔

وزیرِ اعظم کو ملک کے دیگر علاقوں میں نقصانات اور متاثرین کی مدد کیلئے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی اور سیٹلائٹ کے ذریعے قدرتی آفات کے وقت سے پہلے تعین کے لئے نظام وضع کیا جائے متاثرہ مواصلاتی ڈھانچے کی بحالی اور نجی املاک کے نقصانات کے تفصیلی جائزے پر جلد رپورٹ پیش کی جائے حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کی مدد و بحالی کیلئے ایک جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے۔متاثرین کے ریسکیو و مدد میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

بعد ازاں وزیراعظم  نے متاثرین کے لئے قائم خیمہ بستی میں  متاثرین میں  امدادی سامان اور چیک تقسیم کئے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو بارشوں سے ہونےوالے نقصانات کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ  حالیہ بارشوں سے گوادر میں  3100گھر متاثر ہوئے جیوانی میں  125، پسنی میں 25، سنسر میں 260 گھروں کو نقصان پہنچا۔ 93گھر مکمل تباہ ہو گئے بارشوں سے 200 جانوروں کو نقصان پہنچا ۔19 متاثرہ شاہراہیں بحال کر دی گئی  ہیں۔ دور درازعلاقوں میں نیوی اور  حکومت بلوچستان کے  ہیلی کاپٹروں کے ذریعے امدادی سامان پہنچایا گیا ۔ متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے آرمی  اور سول اداروں کی جانب سے میڈیکل کیمپ لگائے گئے۔

اس موقع پر وزیراعظم محمد شہبازشریف نے  متاثرین اور میڈیا سے بات چیت کرتےہوئے کہا کہ 26 فروری کو  طوفانی بارشوں میں گوادر اور بلوچستان کے دوسرے حصوں میں تباہی پھیلائی   ۔اللہ کا شکر ہے گوادر میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا بلوچستان میں 5 افراد  جاں بحق ہوئے ان کے لواحقین  سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتےہیں ۔ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں