اسلام آباد : وزارت داخلہ کی جانب سے طارق ملک کو بطور چیئرمین نادرا تعینات کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ، طارق ملک کو تین سال کے لئے چیئرمین نادرا مقرر کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نےکابینہ کی منظوری کے بعد چیئرمین نادرا کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ طارق ملک نئے چیئرمین نادرا ہوں گے، نادرا آرڈیننس2000کے تحت طارق ملک کوچیئرمین لگایا گیا ہے، ان کی مدت 3سال ہوگی۔
یاد رہے 8 جون کو وفاقی کابینہ نے طارق ملک کو چیئرمین نادرا تعینات کرنے کی منظوری دی تھی، طارق ملک نے اپنی دوبارہ نامزدگی کے لیے ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ طارق ملک پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے دور میں بھی نادرا کے چیئرمین تعینات رہ چکے ہیں تاہم سال 2014 میں مسلم لیگ (ن) کے دور میں اس وقت کے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے اختلافات کے باعث انہوں نے نادرا چیئرمین کی حیثیت سے استعفیٰ دیا تھا۔
طارق ملک اس وقت اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے تکنیکی مشیر کے طور پر کام کر رہے ہیں اور وہ ڈیجیٹل ٹرانسفورمیشن کے لیے اپنے ایجنڈے کی مدد کے لیے پاکستان کا حال ہی میں دورہ کرچکے ہیں۔