اتوار, جون 30, 2024
اشتہار

’عارف علوی نے پیغام دیا محمد زبیر پی ٹی آئی جوائن کرنا چاہتے ہیں‘

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: ترجمان پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رؤف حسن نے دعویٰ کیا ہے کہ عارف علوی نے پیغام دیا تھا کہ محمد زبیر پارٹی میں آنے کیلیے دلچسپی رکھتے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں رؤف حسن نے کہا کہ محمد زبیر پی ٹی آئی میں آنے کیلیے دلچسپی رکھتے ہیں تو بانی پی ٹی آئی سے گفتگو کی جائے گی، محمد زبیر کی شمولیت کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کریں گے۔

رؤف حسن نے کہا کہ جو لوگ پارٹی کو مشکل وقت میں چھوڑ گئے ان کی واپسی مشکل ہے۔

- Advertisement -

محمد زبیر کا مسلم لیگ ن چھوڑنے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ شہریار آفریدی ہمارا ہر اول دستہ ہیں وہ پارٹی میں ہیں اور پارٹی میں ہی رہیں گے، پارٹی میں کچھ لوگوں کا گروپ ہوگا لیکن 27 لوگوں کا کوئی گروپ نہیں ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک بڑی پارٹی ہے اور لوگوں کے گروپ بھی ہوں گے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی ایک جذباتی معاملہ ہے پارٹی میں اس کیلیے دباؤ بھی ہے۔

پروگرام میں انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے آج ملاقات ہوئی وہ سپرنٹنڈنٹ کے رویے سے نالاں تھے، ان کو ہفتے میں ایک بار فیملی سے ملنے کی اجازت دی جاتی ہے، ان کی بچوں سے مہینے میں ایک بار بات کروائی جاتی ہے۔

رؤف حسن کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے بالکل واضح کہا ہے کہ کسی قسم کی ڈیل نہیں کروں گا، میرٹ پر جیل سے باہر آؤں گا، انہوں نے کہا کہ مینڈیٹ چوروں سے کسی قسم کی بات نہیں ہوگی۔

ترجمان پی ٹی آئی نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی بات چیت کی پیشکش کو بانی پی ٹی آئی نے مسترد کیا، جو لوگ پی ٹی آئی قیادت کے خلاف بیانیے بنا رہے ہیں بانی نے ان کو بھی مسترد کیا، انہوں نے کہا کہ یہ لوگ چھوڑے ہوئے ہیں ان سے کوئی بات نہیں ہو سکتی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں