کراچی: گورنر سندھ محمد زبیر عمر نے کہا ہے کہ رینجرز نے کراچی میں امن قائم کرنے کے لیے نہایت جانفشانی سے کام کیا ہے، امن و امان برقرار رکھنے کے لیے رینجرز صوبے میں موجود رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان سیکیورٹی ایجنسیز ایسوسی ایشن کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، محمد زبیر نے کہا کہ حکومتی اقدامات، سیکیورٹی اداروں کی کاوشوں سے امن قائم ہوا ہے، سال پہلے کوئی غیر ملکی دن میں بھی کراچی آنے کو تیارنہیں تھا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ عوام اور کاروباری برادری رینجرز کی موجودگی میں خود کو محفوظ تصور کرتے ہیں، رینجرز کو خصوصی اختیارات دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے لیے دئیے گئے، 10 منٹ میں بند ہونے والا شہر کو اب 10 ماہ میں بھی بند نہیں کرایا جاسکتا ہے۔
چین سے اچھا دوست کوئی نہیں، قدم قدم پر اس نے ہمارا ساتھ دیا: گورنر سندھ
واضح رہے کہ گورنر سندھ محمد زبیر نے چین کے تکنیکی تعلیمی اداروں کی نمائش کا دورہ کیا تھا ان کا کہنا تھا کہ چین سے اچھا دوست کوئی نہیں، قدم قدم پر اس نے ہمارا ساتھ دیا، ایسا پالیسیاں بنائی ہیں جن سے سرمایہ کاری آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت ملک کا ماحول بدل گیا ہے جبکہ ڈالر کے عدم توازن کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں، تجارتی توازن کے لیے برآمدات میں اضافہ بہت ضروری ہے، شرح تبادلہ میں ردو بدل سے برآمدات میں بہتری آئے گی، اس سال 4 ہزار ارب روپے کے ٹیکس جمع ہوئے ہیں۔