لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں 8 محرم الحرام کے موقع پر عزاداری کے سلسلے میں جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ دربارِ حسین اندرون موری گیٹ سے برآمد ہو گیا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام کو امام بارگاہ بیت الرضا پرانی انار کلی پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔
جلوس کی گزرگاہوں پر دکانیں اور مارکیٹیں سیل کردی گئی ہیں، جلوس میں شریک عزادار ماتم، زنجیر زنی اور سینہ کوبی کریں گے، شبیہ ذوالجناح کا یہ جلوس اندرون موری گیٹ سے ہوتا ہوا کوچہ چراغاں سے گزرے گا، جلوس جامعہ رضویہ، بخاری چوک، لوہاری گیٹ سے ہوتا ہوا انار کلی پہنچے گا۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق پنجاب بھر میں 58 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے، لاہور میں 3600 سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں آج 1365 جلوس اور 3940 مجالس کا انعقاد ہوگا جبکہ لاہور میں آج 86 جلوس، 416 مجالس منعقد ہو رہی ہیں، 27 ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار سیکیورٹی میں معاونت کررہے ہیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ عشرہ محرم کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جارہا ہے، ہوائی فائرنگ، اسلحہ نمائش، اشتعال انگیزی پر مکمل پابندی ہوگی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ غیر طے شدہ مقامات پر مجالس وجلوس کی اجازت نہیں ہوگی، سیف سٹیز اتھارٹی وضلعی کیمروں سے مکمل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی نگرانی اور کارروائی جاری ہے، تمام اضلاع کےکنٹرول رومز مرکزی کنٹرول روم سے منسلک ہے۔