کراچی : پیپلز پارٹی کے ترجمان سنیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ عمران خان کی ایک ماہ کی حکومت نے عوام چیخیں نکلوا دی ہیں، لوگوں کو سبز باغ دکھانے والوں نے آتے ہی ہاتھ کھڑے کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چاںڈیو نے منی بجٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف مہنگائی کی جا رہی ہے تو دوسری طرف ترقیاتی بجٹ کم کر دیا گیا ہے، نواز شریف حکومت نے معیشت تباہ کی، عمران سرکار معیشت کا بیڑا غرق کر دے گی۔
مولابخش چاںڈیو کا کہنا تھا کہ سیلیکٹ سرکار کی کوئی معاشی پالیسی ہے نہ خارجی اور داخلہ پالیسی، ایک ماہ میں حکومت نے پورا زور سویلین مناصب کو بے توقیر کرنے پر لگایا۔
نواز شریف حکومت نے معیشت تباہ کی، عمران سرکار معیشت کا بیڑا غرق کر دے گی
انھوں نے کہا کہ بھینسوں اور گاڑیوں کی نیلامی کا ڈرامہ اور سادگی کی شوبازی سے ملک نہیں چلا کرتے، غریب عوام پر بوجھ ڈال کر کہتے ہیں کہ عوام پر بوجھ نہیں ڈالا جا رہا، بتایا جائے گھریلو ہو کہ صنعتی گیس کی قیمت بڑھنے کا بوجھ عوام پر کیسے نہیں پڑے گا۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کی عوام دشمنی پہلے ماہ میں ہی کھل کر سامنے آچکی ہے، ایک طرف عوام دشمن اقدامات تو دوسری طرف وفاق کو کمزور کرنے کے اعلانات ہو رہے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا وزیراعظم عمران خان کے اعلانات براہ راست وفاق پر وار ہیں، حکومت ہوش کے ناخن لے، عوام اور وفاق دشمن اقدامات پر مزاحمت کریں گے۔
مزید پڑھیں : فنانس بل: وزیراعظم، گورنرزاوروزراء کا ٹیکس استثنیٰ ختم کردیا گیا
یاد رہے وزیر خزانہ اسد عمر نے قومی اسمبلی میں منی بجٹ پیش کیا، غریب پر بوجھ کم، امراء پر ٹیکس زیادہ نیٹ نان فائلرز کیلئے بینک ٹرانزیکشنز پر ٹیکس میں اضافہ کردیا گیا جبکہ حکومت نے نان فائلرز کو پراپرٹی اور گاڑی خریدنے کی اجازت دے دی ہے جبکہ بڑی گاڑی مہنگی کردی گئی اور مہنگے فونز پر ٹیکس بڑھا دیا گیا۔
حکومت نے برآمدات میں اضافے کیلئے بھی مثبت اقدام اٹھایا، برآمدی سیکٹر کے فروغ کیلئے حکومت نےخام مال پر ریگیولیٹری ڈیوٹی ختم کردی، گیس کی مد میں چالیس ارب روپے کی سبسسڈی دی گئی ہے۔
وزیرخزانہ کاکہنا تھا کہ ٹیکسوں میں اضافہ نئی ٹیکنالوجی کے استعمال سے کیا جائےگا جبکہ سیگریٹ بھی مہنگے کئے گئے ہیں۔