لاہور : جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ عمران خان استعفیٰ دیں گے ، اسلام آباد پہنچنے پر نتائج نہ ملے تو تحریک نہیں رکے گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نوازشریف کی طبیعت خراب ہے، ڈاکٹرز نے ملنے سے منع کیا اور کہا علاج جاری ہے ملاقات نہ کی جائے، ڈاکٹرز کے منع کرنے پر سروسز اسپتال نہیں جارہا۔
صحافی نے سوال کیا اسلام آباد میں دھرنا ہوگایا دوستی ہوگی ؟ جس پر مولانافضل الرحمان کا کہنا اسلام آباد میں ہم اپنے مطالبات رکھیں گے ، یقین سے نہیں کہہ سکتا کہ عمران خان استعفیٰ دیں گے ، اسلام آباد دھرنے کا نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔
مزید پڑھیں : آزادی مارچ کا طوفان اسلام آباد میں داخل ہوگا اور سب کو بہالے جائے گا، مولانا فضل الرحمان
جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ نے مزید کہا کہ ایسا نہیں کہ اسلام آباد پہنچنے پر نتائج نہ ملے تو تحریک نہیں رکے گی۔
یاد رہے آزادی مارچ کے آغاز پر جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ کاطوفان اسلام آبادمیں داخل ہوگا اورسب کو بہالے جائے گا،ہم نے اب سیاسی جنگ لڑنی ہے، جنگ بج طبل چکا ہے، آخری منزل حاصل کرکے ہی دم لیں گے۔
مولانافضل الرحمان نے کہا تھا کہ جب ایک بار میدان میں آجائیں تو پیچھے نہیں ہٹ سکتے ، آئین پاکستان کو تماشا اور بچوں کا کھیل بنا دیا گیا ہے، معیشت تباہ ہوچکی ،ملک کی کشتی ڈوب رہی ہے۔