سکھر : جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ کاطوفان اسلام آبادمیں داخل ہوگا اورسب کو بہالے جائے گا،ہم نے اب سیاسی جنگ لڑنی ہے، جنگ بج طبل چکا ہے، آخری منزل حاصل کرکے ہی دم لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان لاڑکانہ سے روانہ ہوگئے ، مولاناناصر محمود سومرو ، سینیٹر طلحہ محمود بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
اس موقع پر مولانافضل الرحمان نے کہا آزادی مارچ کا طوفان اسلام آباد میں داخل ہوگا اور سب کو بہالے جائے گا، جبر کی بنیاد پر عوام پر حکومت نہیں کی جاسکتی، معیشت تباہ ہوچکی ،ملک کی کشتی ڈوب رہی ہے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حکمران ملکی کشتی ڈبو رہے ہیں، جسے آپ نے خود بچانا ہے، ہم نے فیصلہ کیا اسلام آباد کی جانب آزادی مارچ کریں، ظالموں سے قوم کو نجات دلانے کے لئے نکلے ہیں، ہم نے اب سیاسی جنگ لڑنی ہے، جنگ طبل بج چکا ہے۔
مزید پڑھیں : مولانا فضل الرحمان نے انتظامیہ کے ساتھ معاہدہ ختم کرنے کی تردید کر دی
مولانافضل الرحمان نے کہا کہ جب ایک بار میدان میں آجائیں توپیچھےنہیں ہٹ سکتے ، آئین پاکستان کوتماشااوربچوں کاکھیل بنادیاگیاہے، آپ اورہم آخری منزل حاصل کرکے ہی دم لیں گے۔
گذشتہ روز جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ طے شدہ معاہدہ ختم کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا معاہدے کی پاس داری کریں گے، معاہدہ حکومت کے ساتھ نہیں انتظامیہ کے ساتھ ہے، ہم عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ مولانا عطا الرحمان نے کہا تھا کہ فضل الرحمان نے اعلان کیا تھا کہ حکومت سے معاہدہ ختم سمجھیں، حکومت نے گرفتاریاں کر کے معاہدہ ختم کر دیا، حکومت نے حافظ حمد اللہ کی شہریت ختم کر کے معاہدہ ختم کیا، آزادی مارچ اسلام آباد میں داخل ہوگا تو حکومت نہیں رہے گی۔