لاہور : جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان آج جاتی عمرہ میں مریم نواز سے اہم ملاقات کریں گے، ملاقات میں شہبازشریف کی گرفتاری، دیگررہنماوں پر غداری کے مقدمات پر تبادلہ خیال ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن وفد کے ہمراہ آج مریم نواز اورمسلم لیگ (ن) کے قائدین سے رائے ونڈ میں ملاقات کریں گے۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی۔ڈی۔ایم) کے سربراہ کے طورپر مولانا فضل الرحمن کی مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے یہ پہلی ملاقات ہے، ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنما بھی موجود ہوں گے جبکہ جمعیت علماءاسلام (ف) کے اہم قائدین بھی ملاقات میں شرکت کریں گے۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، پی ڈی ایم کے مستقبل کے لائحہ عمل پر بات ہوگی جبکہ شہبازشریف کی گرفتاری، دیگررہنماوں پر غداری کے مقدمات پر تبادلہ خیال ہوگا اور پی ڈی ایم کے جلسوں اور دیگر سرگرمیوں پر مشاورت ہوگی۔
مولانا فضل الرحمن اور ان کے وفد کو مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کی جانب سے عشائیہ دیا جائے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات نواز شریف کے کہنے پر ہو رہی ہے ، نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے کہا کہ وہ مریم سے ملاقات کریں۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔