لاڑکانہ : پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سوال کیا کہ ابھی تک عمران خان کیخلاف کارروائی کیوں نہیں ہورہی، جس نے شریف سیاستدانوں کو بدنام کیا۔
تفصیلات کے مطابق جمیعت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سےسب سےزیادہ سندھ متاثرہواہے، ابھی تک علاقوں میں پانی جمع ہے لوگ سڑکوں پرہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرناہوگا، حکومت سندھ سےبات چیت ہوگی متاثرین کیلئےکیااقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ عمران خان کی سیاست ختم ہو چکی ہے، عمران کو بتانا چاہتے ہیں کہ تم لاکھ چیخو وہی ہوگاجو آئین ہے۔
انھوں نے اپنی حکومت سے شکوہ کیا کہ عمران خان کامحاسبہ ہوناچاہیے عمران خان کیخلاف کارروائی کیوں نہیں ہورہی؟ جس نے شریف سیاستدانوں کو بدنام کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے ٹرانس جینڈر بل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو بل شریعت کی خلاف ہے اسے قبول نہیں کریں گے، جے یو آئی اس بل کے خلاف نئی ترامیم پیش کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ عمران خان نےکیا، یہ غلام ابن غلام ہے۔
پنجاب حکومت سے متعلق سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ سیاسی مقدمات بنانے والی پنجاب حکومت خودکمزورہے خودہی گر جائے گی۔