ملتان : بیٹے نے غصے میں باپ کو گولی مار کر قتل کردیا، جاں بحق ہونے والے شخص کا پہلی بیوی سے تنازعہ چل رہا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں ایم ڈی اے چوک کے قریب بیٹے نے فائرنگ کرکے باپ کو قتل کردیا۔
پولیس نے بتایا کہ مقتول کا بیوی سے تنازعہ چل رہا تھا، مقتول اپنی بیوی سے ملنے آیا تھا، جس پر باپ بیٹے میں تلخ کلامی ہوگئی۔
تلخ کلامی پر بیٹے نے باپ پرفائرنگ کردی جس سے مقتول موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے نشتر اسپتال منتقل کر دیا اور پولیس تھانہ چہلیک نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
یاد رہے کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں ایسا ہی ایک واقعہ سامنے آیا تھا ، جس میں جائیداد کیلئے بیٹے نے باپ کو قتل کر ڈالا تھا۔
بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے باپ کے قتل میں ملوث بیٹے کو گرفتار کرلیا تھا۔