بدھ, اکتوبر 9, 2024
اشتہار

ملتان ٹیسٹ کا تیسرا روز: پاکستان کے بعد انگلینڈ کا بھی پاور فُل بیٹنگ شو جاری

اشتہار

حیرت انگیز

ملتان کی ڈیڈ پچ پر ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان کے بعد انگلینڈ کا بیٹنگ شو جاری ہے اور کھانے کے وقفے تک مہمان نے دو وکٹوں پر 232 رنز بنا لیے ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ ملتان اسٹیڈیم میں جاری ہے۔ پاکستان کی جانب سے پہلی اننگ میں 556 رنز بنائے۔ تاہم مہمان ٹیم کی جانب سے بھی ڈیڈ پچ پر پاور فُل بیٹنگ شو جاری ہے اور کھانے کے وقفے تک دو وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنا لیے ہیں۔

 

- Advertisement -

تاہم انگلینڈ کو پاکستان کی برتری ختم کرنے کے لیے اب بھی 324 رنز اور فالو آن کے خطرے سے نکلنے کے لیے 125 رنز درکار ہیں۔

میچ کے تیسرے دن انگلینڈ نے اپنی پہلی نا مکمل اننگ کا آغاز ایک وکٹ پر 96 رنز سے کیا۔ تاہم جلد ہی شاہین شاہ آفریدی نے زک کریلی کو 78 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کر دیا۔

 

تاہم اس کے بعد آنے والے بین ڈکٹ نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے تیز رفتار نصف سنچری مکمل کی جب کہ لنچ بریک تک پاکستانی بولرز مزید کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

اس وقت کریز پر جو روٹ 72 اور بین ڈکٹ 80 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کی ٹیم پہلی اننگ میں 556 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ قومی کپتان سمیت تین کھلاڑیوں نے سنچریاں اسکور کی تھیں۔

یاد رہے کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ ٹیم کو اپنے ریگولر کپتان اسٹار آل راؤنڈر بین اسٹوکس کی خدمات حاصل نہیں۔ وہ انجری کے باعث پہلا میچ نہیں کھیل رہے۔ ان کی جگہ نوجوان بلے باز اولی پوپ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔

پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

ٹیم پاکستان:

شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، بابر اعظم، صائم ایوب، عبداللّٰہ شفیق، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد

ٹیم انگلینڈ:

اولی پوپ (کپتان)، زک کرولی، بین ڈکٹ، جو روٹ، ہیری بروک، جمی اسمتھ، کرس ووکس، بریڈن کرس، گس آٹکنسن، جیک لیچ، شعیب بشیر۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور دونوں ٹیموں کے لیے اہم ہے۔ ملتان میں اب تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک ٹیسٹ جیت چکی ہیں۔

اس سیریز سے قبل پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر بنگلہ دیش سے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا جب کہ انگلینڈ کی ٹیم نے گزشتہ سیریز میں اپنی سر زمین پر پاکستانی ٹیم کو وائٹ واش کیا تھا۔

پاکستان نے اپنی سر زمین پر گزشتہ ساڑھے تین سال میں 11 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں لیکن ایک میچ بھی نہیں جیت سکی ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 اکتوبر اور دوسرا 15 اکتوبر کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جب کہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 26 اکتوبر سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

سیریز کے تینوں میچ اے اسپورٹس پر براہ راست دکھائے جائیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں