پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ملتان میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کو جیت کے لیے 354 رنز کا ہدف ملا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق میچ کے تیسرے روز پہلے سیشن میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 275 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اس طرح قومی ٹیم کو میچ جیتنے کے 354 رنز کا ہدف ملا ہے۔
آج تیسرے روز انگلینڈ نے 5 وکٹ پر 202 رنز سے اننگ کا آغاز کیا تو کریز پر کپتان بین اسٹوکس اور گزشتہ میچ کی دونوں اننگ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرنے والے ہیری بروکس موجود تھے تاہم کپتان جلد ہی 41 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ کامیاب بولر زاہد محمود تھے۔
انگلینڈ کی ساتویں وکٹ 259 کے مجموعے پر گری جب نئے آنے والے بلے باز اولی رابن سن تین رنز بنا کر ابرار احمد کو وکٹ دے بیٹھے۔
پاکستانی بولرز نے پھر انگلینڈ کے باقی بلے بازوں کو پویلین بھیجنے میں زیادہ دیر نہ لگائی اور انگلش ٹیم کی اننگ 275 رنز پر سمیٹ دی۔ آخری آؤٹ ہونے والے بالے باز گزشتہ ٹیسٹ میچ کے سنچری میکر ہیری بروکس تھے جو اس میچ میں بھی سنچری بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 108 رنز کی اننگ کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگ میں ابرار احمد کا جادو چلا اور انہوں نے چار وکٹیں اور میچ میں مجموعی طور پر 11 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسری اننگ کے دوسرے کامیاب بولر زاہد محمود رہے جنہوں نے تین شکار کیے۔
اس سے قبل ملتان ٹیسٹ کے پہلے دن پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گزشتہ میچ کی فاتح انگلینڈ کی پوری ٹیم کو 275 رنز پر میدان بدر کردیا تھا۔ تاہم پاکستانی بلے بازوں نے اپنے بولرز کی محنت پر پانی پھیر دیا۔
قومی ٹیم دوسرے روز صرف 202 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کپتان بابر اعظم 75 اور سعود شکیل 63 رنز کے علاوہ کوئی بلے باز زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکا۔
واضح رہے کہ مہمان ٹیم کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔