ویسٹ انڈیز پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ ہار گئے لیکن ان کے تین بولرز نے ٹیسٹ کرکٹ کی 148 سالہ تاریخ کا منفرد اور دلچسپ ریکارڈ بنا لیا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ملتان میں کھیلے گئے پہلے میچ میں میزبان ٹیم نے 128 رنز سے مہمان ٹیم کو ہرایا۔ تاہم ویسٹ انڈیز کے تین بولرز نے اس میچ میں ایسا ریکارڈ بنایا جو 148 سالہ تاریخ میں اب تک کوئی نہ بنا سکا۔
یہ تاریخ رقم کرنے والے کیربیئن بولرز گوداکیش موتی، جومیل واریکن اور جیڈن سیلز ہیں۔
ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے 8 کھلاڑی صرف 66 رنز پر آؤٹ کر دیے تھے اور یہ یقینی لگ رہا تھا کہ مہمان ٹیم سنچری بھی نہیں کر سکے گی لیکن بولرز ڈٹ گئے اور اسکور 137 رنز تک لے گئے۔
نویں نمبر پر آنے والے گوداکیش موتی نے 19 رنز بنائے۔ دسویں نمبر پر آنے والے وارکین نے 31 رنز کی اننگ کھیلی اور پہلی اننگ کے اپنی ٹیم کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے جب کہ گیارھویں نمبر پر آنے والے سیلز نے 22 رنز بنائے۔
ان سے قبل آؤٹ ہونے والے 8 بلے بازوں میں سے کوئی بھی بیٹر 11 رنز سے زیادہ انفرادی اسکور نہ بنا سکا اور یوں ٹیسٹ کرکٹ کی لگ بھگ ڈیڑھ صدی کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ آخری نمبروں پر آنے والے بیٹرز نے سب سے زیادہ انفرادی اسکور کیا۔
تاہم اس کا دوسرا دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ مذکورہ تینوں بیٹر دوسری اننگ میں بغیر کوئی رن بنائے ڈک پر آؤٹ ہوئے۔