ملتان: میٹرو بس منصوبے پر کام کرنے والے دو مزدور کرنٹ لگنے سے جاں بحق اور ایک زخمی، منصوبے پر کام والے مزدوروں کی مرنے کی تعداد 9 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں جاری میٹروبس منصوبہ مزدوروں کے لئے جان لیوا بن چکا، حکام کی جانب سے مزدوروں کے لئے کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کئے گئے۔
آج مرنے والے مزدوروں کی شناخت شفقت اور اقبال کے نام سے ہوئی ہے، دونوں وہاڑی چوک کے قریب منصوبے پر کام کررہے تھے، کہ اچانک ہائی وولٹیج بجلی کی ترسیلی لائنوں کے کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گئے۔
اس حادثے میں دو مزدور موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک زخمی کو نشتر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ میٹرو بس منصوبے پر 7 مزدور پہلے ہی جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے جانی نقصان پر خاموشی برقرار ہے۔