ملتان : سول کورٹ نے ریحام خان کی کتاب کواشاعت سےروک دیا اور 9 جون تک حکم امتناع جاری کرتے ہوئے ریحام خان، حسین حقانی اور پیمرا سے جواب طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان کی سول کورٹ کی جانب سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کی کتاب کی اشاعت پر نو جون تک حکم امتناع جاری کردیا گیا۔
ریحام خان کی کتاب کی اشاعت روکنے کیلئے درخواست ایڈوکیٹ غلام مصطفی نے دائر کی، درخواست گزار کا کہنا تھا عمران خان کے کردار پر کیچڑ اچھال کر الیکشن سبوتاز کر نے کوشش کی جا رہی ہے یہ کتاب غیر ملکی ایجنڈے پر مبنی ہے۔
درخواست گزار نے کہا اس سازش میں سابق سفیر حسین حقانی مسلم لیگ ن کی مدد سے کتاب کے ذریعے اداروں کے وقار کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن سے پہلے ریحام خان کی کتاب کی اشاعت کو روکا جائے۔
سول جج ملتان نے درخواست پر ریحام خان، حسین حقانی اور پیمرا سے نو جون کو جواب طلب کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے اپنی کتاب کے مسودے میں موصولہ اطلاعات کے مطابق کچھ شخصیات کے حوالے سے متنازعہ قسم کے تاثرات درج کیے ہیں، جس پر میڈیا میں بھونچال سا آگیا ہے۔
ریحام خان کی جانب سے الزامات پر شخصیات نے ان لندن میں قانونی نوٹس بھجوا دیا، ان کا کہنا تھا کہ ریحام خان کی کتاب جھوٹ اور گھٹیا الزام کا مجموعہ ہے۔
مذکورہ نوٹس زلفی بخاری، اعجاز الرحمن، وسیم اکرم اور انیلہ خواجہ نے مشترکہ طور پر بھیجا ہے۔