کراچی: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ بلدیاتی نظام ہی مضبوط جمہوریت کی بنیاد ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں مسلم لیگ ن کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ن لیگ کے وفد کی آمد کاشکریہ ادا کرتے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ جمہوریت سے پاکستان اپنی منزل تک پہنچ سکتا ہے،ایسا ایوان ضروری ہے جہاں کسان کی نمائندگی کسان کرے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کو تقویت دینے کے لیے ایم کیوایم سےملاقات کی، کئی معاملات میں ہم نے ایک دوسرے کو ہم آہنگ پایا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں ملک میں مضبوط بلدیاتی نظام ہو، بلدیاتی نظام ہی مضبوط جمہوریت کی بنیاد ہے، بلدیاتی الیکشن کی حمایت میں کھڑے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ایم کیوایم سے ملاقات جمہوریت کے استحکام کے لیے تھی، ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کا بیانیہ ایک ہی ہے، ملک جمہوریت سےترقی کرتا ہے، ماضی کی غلطیوں سےسبق سیکھا،کوشش ہے آئندہ نہ ہوں۔