کراچی : سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کی نمازجنازہ آج بعد نماز ظہرعید گاہ گراؤنڈ ناظم آباد میں ادا کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن جو گزشتہ روز نجی اسپتال میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے تھے ان کی نماز جنازہ آج بعد نماز عید گاہ گراؤنڈ ناظم آباد میں ادا کی جائے گی۔
وہ گزشتہ کئی برسوں سے پارکنسن کے مرض میں مبتلا تھے، ان کی طبیعت میں اتار چڑھاؤ کافی عرصے سے جاری تھا لیکن تین ہفتے قبل ان کو اچانک طبیعت بگڑنے پر مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور ایک ہفتے سے وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج تھے، چند دن قبل ڈاکٹروں نے ان کی سانس کی تکلیف کی وجہ سے انھیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا تھا۔
سید منور حسن کے انتقال پر ملک کی دینی سیاسی اور سماجی تنظیموں کے عہدیداران نے اپنے گہرے اور رنج کا اظہار کیا ہے، رہنماوں نے ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔
سید منور حسن نے پاکستان میں بننے والے سیاسی اتحادوں میں کلیدی کردارادا کیا، منور حسن5اگست1941ء کو دہلی میں پیدا ہوئے تھے، قیام پاکستان کے بعد ان کے خاندان نے کراچی میں سکونت اختیار کی تھی۔1963ء میں سماجیات میں اور1966ء میں اسلامی اسٹڈیز میں ماسٹر کی
ڈگری جامعہ کراچی سے حاصل کی منور حسن نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن سے بھی وابستہ رہے۔1960ء میں اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ ہوگئے۔1963ء میں اسلامک ریسرچ اکیڈمک سے وابستہ ہوئے۔
اور ریسرچ اسسٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دیں۔سید منور حسن جامعہ کراچی کے کے میگزین The Criterion and The Universal Messageمیں منیجنگ ایڈیٹر بھی رہے۔منور حسن1967ءمیں جماعت اسلامی کے ممبر بن گئے۔۔1967میں منور حسن اسسٹنٹ سیکریٹری اور ڈپٹی امیرجماعت اسلامی کراچی بھی رہے۔
منور حسن مختلف سیاسی اتحاد میں بھی فعال رہے۔پاکستان نیشنل الائنس اور یونائیٹڈ ڈیموکریٹڈ میں بھی اپنا کردار ادا کیا۔سال 1977ء میں کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔
سال 1977میں منور حسن کو ملک بھر میں قومی اسمبلی کی نشست پر سب سے زیادہ ووٹ لینے کااعزاز بھی حاصل رہا 1992-93میں اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی کے منصب پر فائز رہے۔2009ء میں وہ پہلی مرتبہ امیر جماعت اسلامی پاکستان منتخب ہوئے،سوگواران میں بیوی، بیٹا اور بیٹیشامل ہیں۔