اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

سندھ کابینہ نے خواجہ سراؤں کیلیے نوکریوں کا کوٹہ مقرر کرنے کی منظوری دیدی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: سندھ کابینہ نے سرکاری اداروں میں خواجہ سراؤں کیلئے0.5 فیصد نوکریوں کا کوٹہ مقرر کرنے کی منظوری دے دی جب کہ وزیراعلیٰ سندھ نے خواجہ سرا کمیونٹی کو سرکاری نوکریوں کی درخواست کیلئےکاغذات تیار رکھنےکی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سی ایم ہاؤس کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں چیف سیکریٹری، صوبائی وزرا، مشیر، آئی جی اور دیگرافسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے ایجنڈے میں امن و امان پر بریفنگ، خواجہ سراؤں کی سرکاری نوکریوں میں0.5 فیصدکوٹہ، امن ہیلتھ سروس، انجرڈ پرسن کمپلسری میڈیکل ٹریٹمنٹ ایکٹ، انسٹیٹیوٹ آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیبلی ٹیشن ایکٹ کی منظوری، متبادل اور پائیدار انرجی پالیسی سمیت دیگر امور شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: تھر کول اور گھرانو ڈیم کے متاثرین کے لیے معاوضے کی منظوری

انسپکٹر جنرل سندھ پولیس کلیم امام نے کابینہ کو سیکورٹی صورتحال اور محکمہ پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس کےخلاف2018 میں 6 اور رواں سال ایک احتجاج ہوا، اغوا کےواقعات میں87 فیصد کمی آئی ہے جب کہ کرائم انڈکس میں کراچی 2014 میں چھٹے اور 2019 میں70ویں نمبرپرہے۔

آئی جی سندھ نے بتایا کہ 2018میں 0.74 کلو گرام آئس ریکور کی گئی جب کہ 2019 میں 132 کلو آئس برآمد کی گئی، جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہر میں اتنی تعداد میں آئس کا ملنا تشویشناک ہے، آئس کا نشہ ہماری آنیوالی نسلوں کیلئے بڑا نقصان ہے۔ وزیراعلیٰ نے آئس فروخت کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کاحکم دیتے ہوئےاسٹریٹ کرائم پرمزید کنٹرول کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ سے سوال کیا کہ کیا میں نے کبھی کسی کو لگانے کی سفارش کی؟ میں پولیس میں کبھی سفارش نہیں کرتا، ہماری زیرو مداخلت ہے تو بہترین امن و امان کی صورتحال چاہیے، نشہ آور چیزیں بکنے پر متعلقہ ایس ایچ اوز اور ڈی ایس پیز کیخلاف کارروائی ہوگی جب کہ اچھے پولیس افسران کو ایوارڈ دیے جائیں گے۔

دوران اجلاس سندھ کابینہ نے خواجہ سراؤں کیلیے نوکریوں کا کوٹہ مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔ خواجہ سراؤں کیلئے0.5 فیصد نوکریوں کا کوٹہ مقررکیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مجھے خواجہ سرا کمیونٹی کو مین اسٹریم میں لینا ہے میں خواجہ سراؤں کو معاشرے کے کارآمد لوگ بنانا چاہتا ہوں۔ انہوں نے خواجہ سرا کمیونٹی کوسرکاری نوکریوں کی درخواست کیلئے کاغذات تیاررکھنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خواجہ سرا کمیونٹی کو تعلیم پر بھی توجہ دینی ہے۔

سندھ کابینہ نے ’’امل عمر‘‘ ایکٹ 2019 کے رولز کی بھی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ نے ایکٹ کی منظوری پر کہا کہ دوسرےاسپتال منتقل کرنے پربچی زندگی کی بازی ہارگئی، میڈیکو لیگل ایشوز پرکسی کی زندگی چھیننےکی اجازت نہیں دےسکتے، سندھ حکومت فنڈ قائم کرے گی جس سے زخمی افراد کا علاج ہوگا۔

سندھ کابینہ میں گندم کی 19- 2020میں قیمت کےمعاملےپرغور کیا گیا اور پی اےایس ایس سی او سےایک لاکھ ٹن گندم خریدنےکی منظوری دے دی گئی ۔ اس حوالے سے وزیر خوراک، سیکریٹری فنانس اور سیکریٹری خوراک پر مشتمل کمیٹی قائم تشکیل دی گئی جو خوراک کے مالی مسائل پر غور کرے گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں آٹے کی قیمت میں کمی لانا چاہتا ہوں ہم کم سے کم غریب عوام کو روٹی توسستی دیں۔

اجلاس میں سندھ انسٹیٹوٹ آف فزیکل میڈیسن اینڈ ری ہیبلی ٹیشن ایکٹ2019منظور کیا گیا۔ انسٹیٹیوٹ کےسیٹلائٹس دیگر شہروں میں بھی قائم کرنے کی ہدایت کی گئی۔

واضح رہے کہ رواں سال 25 اپریل کو ہونےو الے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں تھر کول فیلڈ اور گھرانو ڈیم کے متاثرین کو معاوضہ دینے کی منظوری دی گئی تھی۔ مذکورہ علاقوں کے متاثرین کی تعداد 575 ہے اور ہر متاثرہ خاندان کو ایک لاکھ سالانہ معاوضہ دیا جائے گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں