کراچی : سندھ کے نئے وزیر اعلی کے طور پر نام سامنے آتے ہی مراد علی شاہ کے من کی مراد پوری ہوتی نظر آتی ہے، انھوں نے ملاقاتوں کاسلسلہ شروع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کے متوقع امیدوار مراد علی شاہ نے اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں، مراد علی شاہ نے گورنر سندھ سے ون آن ون ملاقات کی، ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز کی ریلیز کی صورتحال کے بارے میں گورنر سندھ کو آگاہ کیا۔
گورنر سندھ نے صوبائی وزیر خزانہ کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کے فنڈزکی ریلیزکو مقررہ وقت پر یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبے مقررہ وقت پر ہی مکمل ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو زیادہ سے سہولیات فراہم کرنا ہے اس ضمن میں ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہی ہے۔
مراد علی شاہ نے گورنرسندھ سے اپنے عزم کا اظہار کیا کہ ملکی و معاشی استحکام لانے کیلئے ہرممکن کوشش کریں گے۔
اس سے قبل مرادعلی شاہ نے دبئی میں فنکشنل لیگ کے سربراہ پیرپگارا سے ملاقات کی اور روحانی پیشوا سے حمایت کا تعویز بھی حاصل کیا۔
دبئی سے کراچی ائیرپورٹ پہنچنے پر مراد علی خوشی سے نہال نظر آئے اور کہا کہ قیادت جو فیصلہ کرے گی عمل کروں گا جبکہ ایک جانب مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ میڈیا سے پتا چلا کہ وہ بھی منصب وزارت کے امیدوار قرار دیئے گئے ہیں۔