کراچی : نئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وی آئی پی پروٹوکول ختم کرنے کا پہلا قدم اٹھاتے ہوئے وزیر اعلیٰ ہاوس کے باہر تمام رکاوٹ ختم کرنے کا حکم دیدیا ہے اور وزیر اعلیٰ ہاوس کے باہر وی آئی پی پروٹوکول کیلئے لگائی گئی رکاوٹیں ختم کردی گئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاوس کے باہر تمام کنٹینر اور رکاوٹیں بھی ہٹا دی گئیں اور پی آئی ڈی سی ہاوس سے کلفٹن جانے والی شاہراہ کو پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے کھول دیا گیا ہے، اس طرح وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کا وی آئی پی پروٹوکول کیخلاف یہ پہلا قد م ہوگا۔
اس سے قبل سندھ کے نئے وزیر اعلیٰ سید مرادعلی شاہ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچ کراپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں، نومنتخب وزیر اعلیٰ کی سی ایم ہاؤس آمد کا اعلان بگل بجا کر کیا گیا جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ مراد علی شاہ کا سی ایم ہاؤس اسٹاف نے استقبال کیا۔
مزید پڑھیں : وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ عہدہ سنبھالتے ہی متحرک
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں پہلا اجلاس سیکریٹریز کے ساتھ ہوا، اجلاس میں سندھ کے نئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اچھی حکمرانی قائم کرنا میرا مشن ہے، تمام کام قانون کے مطابق ہونے چاہئے، رائٹ مین فار رائٹ جاب میری پالیسی ہے اور میرٹ کے علاوہ کچھ نہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ میں عوام کی خدمت کرنے آیا ہوں اور سب کو میرابھرپور ساتھ دینا ہے ۔۔ سیکریٹریز میرے بازو ہیں اور انھیں حکومت کے کام کو آگے بڑھانا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے گذشتہ روز اپنے خطاب میں کہا تھا کہ وہ وی آئی پی پروٹوکول کیخلاف ہیں اور وہ کم پروٹوکول لیں گے۔