پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

ٹرین حادثہ، متاثر ہونے والوں کو ہر ممکنہ سہولیات دیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مسافر ٹرین کے تصادم میں زخمی ہونے والے افراد کے علاج اور اس میں جاں ہونے والے افراد کی میتوں کو اُن کے آبائی علاقے بھیجنے کے تمام تر اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی۔

جناح اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ عالمی حادثاتی انشورنش پالیسی کے تحت جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کو ایک لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی جبکہ تمام تر زخمیوں کے علاج کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے۔


پڑھیں: ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کیلئے 15 لاکھ اور زخمیوں کو3 لاکھ روپے دینے کا اعلان


 انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک سانحہ ہے جس میں ہم پوری طرح سے متاثرین کے ساتھ ہیں اور اُن کی ہر ممکنہ مدد کے لیے تیار ہیں، تمام زخمیوں کو بہتر سے بہتر سہولیات مہیا کرنے کے لیے انہوں نے جناح اسپتال کے عملے کو ہدایات بھی دیں۔

مراد علی شاہ نے لانڈھی کے قریب مسافر ٹرینوں کے تصادم اور اس میں انسانی جانوں کے ضیاء پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کی۔


یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کی جناح اسپتال آمد، ٹرین حادثے کے زخمیوں کی عیادت


 اُن کا کہنا تھا کہ ریلوے کے نظام کو بہتر ہونا چاہیے، وزیر اعلیٰ نے مطالبہ کیا کہ اس سانحے کی اعلی سطح پر تحقیقات ہونی چاہیے اور جو بھی اس میں ذمہ دار ہو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے اپیکس کمیٹی کے اجلاس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے اپنی پوری توجہ دہشت گردی کے خاتمے مرکوز کی ہوئی ہے اور انشاء اللہ جلد کراچی میں پوری طرح سے امن و امان قائم ہوجائے گا‘‘۔

یاد رہے آج صبح کراچی میں لانڈھی کے علاقے قذافی ٹاؤن کے قریب فرید ایکسپریس اور زکریا ایکسپریس آپس میں ٹکرا گئیں تھیں، جس کے باعث اب تک 20 سے زائد افرادجاں بحق جبکہ 45 افراد زخمی ہوئے، زخمی اور جاں بحق ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ حادثے کے نتیجے میں ٹرین کی تین بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں تھیں جبکہ فرید ایکسپریس کا انجن تباہ ہو گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں