لاہور: پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ بچوں پرتشدد کرنے والے اساتذہ کو جیل بھجواؤں گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ تعلیم کے ساتھ نصاب میں آرٹ اوراسپورٹس کوشامل کریں گے، کڈزٹی وی چینلزسے متعلق کام کررہے ہیں جلد بچوں کا اپناچینل ہوگا۔
صوبائی وزیرتعلیم نے کہا کہ گزشتہ حکومت ترقیاتی بجٹ میں صرف 5 ارب روپے چھوڑکرگئی، پنجاب میں لیپ ٹاپ اسکیم کوبند کردیا ہے، دانش اسکولزکوبند نہیں کیا جا رہا یہ خبرغلط ہے۔
مراد راس نے کہا کہ ایک طرف 18 ہزاراوردوسری طرف 1400 فی بچہ خرچہ آ رہا ہے، اسکول پرائیویٹ مافیا کودینے کے حق میں نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس 52 ہزاراسکول اور4 لاکھ سے زائد اساتذہ ہیں، بچوں پر تشدد کرنے والے اساتذہ کوجیل بھجواؤں گا، 2 اساتذہ کوجیل بھجوا دیا ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کے وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ اسکولوں میں بچوں کی حاضری یقینی بنانے کے لیے والدین ایکٹ لا رہے ہیں۔
مراد راس کا کہنا تھا کہ والدین ایکٹ بجٹ کے بعد اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
پنجاب کے وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکولوں میں صرف اردو اور اسلامیات اردو زبان میں پڑھائی جائے گی، باقی مضامین انگلش میں پڑھائے جائیں گے۔