اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ بلاول اگر بھٹو کے سیاسی وارث بننا چاہتے ہیں تو کرپشن کے خلاف اعلان بغاوت کریں ورنہ اپنے نام کے ساتھ زرداری لگائیں۔
بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کےعوام کو غریب کرکےیہ لوگ خود ارب پتی بن گئے، چوری اورسینہ زوری کی زندہ مثال دیکھنی ہو تو ان کو دیکھ لیں، اگر درست انداز سے تحقیقات کی گئیں تو انہیں آکسفورڈ یونیورسٹی کی فیس بھی واپس کرنا پڑے گی۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ ’اگر آکسفورڈ میں تعلیم حاصل کرنے کا اثر آتا تو آج بلاول کرپشن کے ساتھ نہیں بلکہ اُس کے خلاف کھڑے ہوتے مگر کرپشن کی تاثیر تعلیم پر غالب آگئی، خرد برد پر ہاتھ ڈالا تو انہیں عوامی مسائل یاد آگئے، آپ کے 100 مگرقوم کاایک سوال ہے لوٹی دولت کب واپس کروگے‘۔؟
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بلاول اگر بھٹو کے سیاسی وارث بنناچاہتےہیں توکرپشن کیخلاف اعلان بغاوت کریں اور اگر وہ احتساب کا ساتھ نہیں دیتے تو اپنے نام کے ساتھ بھٹو کے بجائے صرف زرداری لکھیں۔
مزید پڑھیں: اٹھارہویں ترمیم کو ختم کرنے کی کوشش کی تو دمادم مست قلندر ہوگا، بلاول بھٹو
دوسری جانب تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے بلاول بھٹو کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’ابو کو بچانے کے لیے پی پی چیئرمین کی چیخیں نکل رہی ہیں، 18ویں ترمیم کونہیں بلکہ اصل خطرہ پیپلزپارٹی کی کرپشن کو ہے، پیپلزپارٹی نے اقتدار میں آکر ہمیشہ آئین شکنی کی’۔
اُن کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان کو روندکرپیپلزپارٹی نےوسائل پر قبضہ کر کے لوٹ مار کی، 11سال حکومت رہنے کے باوجود بھی پی پی سندھ کےعوام کوحقوق نہ دےسکی،روٹی،کپڑا ،مکان دینےکے بجائے عوام کو ان سہولیات سے ہی محروم کردیاگیا، سندھ کے لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہیں ؟ کراچی سے کشمور تک عوام پینے کے پانی کے لئے ترس رہے ہیں، کیا یہ خلاف آئین نہیں ہے’۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے گاڈ فادر کو احتساب میں کسی صورت رعایت نہیں ملے گی۔