ہفتہ, فروری 8, 2025
اشتہار

اب کرپشن پر کسی قسم کی خاموشی نہیں ہوگی: مراد سعید

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگائے اور پھر خاموش ہوگئے۔ اب وہ دور نہیں، کرپشن پر کسی قسم کی خاموشی نہیں ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند دن سے اپوزیشن کا گروہ آپس میں مل گیا ہے، ان لوگوں کا کوئی نظریہ آپس میں نہیں ملتا۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ صرف لوٹ کھسوٹ بچانے کے لیے الگ الگ نظریوں کے لوگ مل گئے، نوے کی دہائی میں یہی لوگ ایک دوسرے کو جیلوں میں ڈالتے تھے، پاکستان کے عوام نے 30 سالہ کرپٹ لوگوں سے جان چھڑانے کا فیصلہ کیا۔ گزشتہ 10 سالوں میں پاکستان کے قرضوں میں ہوشربا اضافہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پہلی تقریر میں ہی کہا احتساب سب کا ہوگا، ماضی کی غلطیوں کو ٹھیک کیے بغیر آگے نہیں جا سکتے۔ چھانگا مانگا کی سیاست پاکستان کی سیاست کو تباہ کرنا تھا۔ عوام نے فرسودہ نظام کے خلاف عمران خان کو ووٹ دیا۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی نے بتایا کس طرح انہوں نے اداروں کو مفلوج کیا۔ کس طرح اسٹیٹ بینک، ایف آئی اے اور ایس ای سی پی کو مفلوج کیا گیا۔ ایان علی اور بلاول بھٹو ایک ہی اکاؤنٹ سے ٹکٹ لیتے تھے۔ وزارت داخلہ کو معلوم تھا مگر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ اومنی گروپ کی جے آئی ٹی نے انسٹی ٹیوشنل کیپچر کا بڑا انکشاف کیا۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ان لوگوں کو سسلین مافیا ڈیکلیئر کیا، مافیا اس لیے کہا جاتا ہے کہ پورے نظام کو جکڑا ہوا ہے۔ ان لوگوں نے ہر نظام کو اپنے تابع کیا ہوا ہے۔ دھیلے کی کرپشن نہیں کی کہنے والے نے اپنی سلطنت کھڑی کی ہوئی تھی۔ نیب افسران کو 2 دن پہلے شہباز شریف دھمکیاں دے کر گئے۔ دھمکیوں سے ہم ہرگز نہیں گھبرائیں گے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ویڈیو پیش کرنے والے کی اپنی کریڈیبلٹی تو دیکھیں، ویڈیو اس خاتون نے پیش کی جس پر خود جعلسازی کے الزامات ہیں۔

وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگاتے ہیں، دونوں پارٹیاں ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات کے بعد خاموش ہوجاتی ہیں اور کہتی ہیں ہم جمہوریت کے لیے خاموش ہوئے، جو بھی کرپشن میں ملوث ہوگا اس کا بلا امتیاز احتساب ہوگا۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے قرضوں پر کہا یہ پیسہ کہاں لگایا ہے، سنہ 2015 میں جو پروجیکٹ دینا تھا اس کا ایم او یو 2 سال پہلے ہی ہوگیا تھا۔ شاہد خاقان عباسی کا کیس بھی چل رہا ہے اس کی حقیقت بھی سامنے لائیں گے۔ احسن اقبال کے بھائی کو پنجاب ہارٹی کلچر ٹاسک فورس کا چیئرمین لگایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اپنے حلقے لاڑکانہ کی سڑکوں کو بھی نہیں بخشا گیا، کنٹریکٹس کی تحقیقات کیں تو وہ بھی جعلی اکاؤنٹس والے نکلے۔ اب کسی سرکاری عمارت میں آگ نہیں لگے گی، ریکارڈ نہیں جلے گا۔ جاتی امرا کی فینسنگ پر 36 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔ عجیب حکمران تھے جنہوں نے اپنے علاج کا خرچہ بھی عوام سے وصول کیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں