اسلام آباد : وفاقی وزیرمواصلات مرادسعید نے اعلان کیا پاکستان پوسٹ الیکٹرانک آفسز شروع کرنے جارہا ہے، جس سے ڈھائی لاکھ پاکستانیوں کو روزگار ملے گا اور اسی ماہ راولپنڈی میں ایک سو پچاس الیکٹرانک آفسز کام شروع کردیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان پوسٹ پرعوام کااعتمادبحال ہواہے، حکومت نے خسارے کے شکار اداروں پر خصوصی توجہ دی، پاکستان پوسٹ کی ترقی کیلئے اہم اقدامات کیے گئے۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ بی ایل پاکستان میں سب سےبڑابینکنگ نیٹ ورک ہے، حبیب بینک اور پاکستان پوسٹ آفس میں معاہد ہ ہوا ہے ، جس سے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بھی آسانی ہوجائے گی، سیونگ بینک اکاونٹس میں سب سےبڑا کردارپاکستان پوسٹ کاہے
وفاقی وزیر مواصلات نے کہا 1.5 ٹریلین کی پورے سال میں سرکولیشن کرتے ہیں، پاکستان پوسٹ ایکو سسٹم دینے جارہا ہے، جس سے ڈھائی لاکھ پاکستانیوں کو روزگار ملے گا، رواں ماہ اسلام آباد، پنڈی میں 150الیکٹرانک پوسٹ آفس شروع کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں جو آپ سوچ سکتے ہیں سمجھیں وہ ہوسکتا ہے، میرا سوال تھا کہ کیا پبلک این ٹی ٹی ہمیشہ خسارے میں رہے گی،شفافیت چاہیےتوٹیکنالوجی لانی پڑےگی۔
مراد سعید نے کہا کہ میں رہوں یانہ رہوں پاکستان پوسٹ نیچےنہیں آئےگا، پاکستان کےلیےلاجسٹک بہت بڑاایشوہے، اسی سال نہ صرف لاجسٹک کا آغاز بلکہ آسانیاں بھی فراہم کریں گے۔
وفاقی وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ ہمارا وژن کلیئرتھا، منزل کا پتہ تھا، سیکریٹری کمیونی کیشن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستان پوسٹ کو دیکھ کر لگا تھا کہ اس میں پوٹینشل ہے، ہمارامقصد ایک ہی ہے کہ ملکی اداروں کو اوپراٹھانا ہے۔
مراد سعید نے مزید کہا ایک مردہ ادارےکو 2 سال میں اٹھانا آسان نہیں تھا، پاکستان پوسٹ کی ری برینڈنگ بھی ہوگی، پاکستان پوسٹ کے دفاتر کا منظر بھی تبدیل کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن میں لوگ پوسٹ مین کوخراج تحسین پیش کررہےتھے، پوراملک لاک ڈاؤن میں تھامگرمشکل میں پاکستان پوسٹ نےساتھ دیا، لاکھوں پنشنرز کو گھر کی دہلیز پر پنشن کی ادائیگی یقینی بنائی گئی۔
وفاقی وزیر نے کہا ڈیجیٹل فرانچائز آفسز کے قیام سے منافع بخش ادارہ بنےگا ، پاکستان پوسٹ کے اقدام سےلاکھوں نوجوانوں کو روزگار ملے گا ، پاکستان پوسٹ صارفین کو ایک ہی پلیٹ فارم پر سہولتیں دینے کیلئے سرگرم ہے۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ پاکستان پوسٹ کی طرف سے لوجسٹک کمپنی کے قیام کا مرحلہ شروع ہوچکا ہے، پاکستان پوسٹ لوجسٹک کے میدان میں بھی قدم جمائے گا۔