اسلام آباد : عدالت نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کیس میں مراد سعید کی 5ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر مراد سعید ضمانت کے لیے کچہری پہنچے جہاں ڈسٹرکٹ سیشن جج کامران بشارت مفتی نے سماعت کی اور درخواست ضمانت 5 ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت امریکی سازش کی آلہ کار بنی ہوئی ہے اور یہ حکمران انقلاب کو روکنے میں ناکام ہوں گے۔
عدالت نے پولیس کو20 جون کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا، واضح رہے کہ سابق وفاقی وزیر کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ آئی نائن میں مقدمہ درج ہے۔
مراد سعید نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں میں ایسی شیلنگ کبھی نہیں ہوئی جیسی موجودہ حکومت نے کی ہے۔ حکومت نے تحریک انصاف کی خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا ہے۔ پی ٹی آئی اپنا آئینی اور قانونی حق استعمال کرے گی۔
موجودہ حکومت پو الزام عائد کرتے ہوئے مراد سعید نے مزید کہا کہ حکمران بندر بانٹ میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے جمہوریت اورآئین کی دھجیاں اُڑا دی ہیں۔ حکومت کی جانب سے میڈیا کو ایک ایک ارب روپے کے اشتہارات روز دیے جا رہے ہیں۔