اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے ملک کا چور ہوں تو کیا، دشمن کا تو ہیرو ہوں ناں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بلاول بھٹو نے بھارتی ایئر اسٹرائیک اور کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا بیان دیا تھا جس کے جواب میں ٹویٹر پر مراد سعید نے بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ والد صاحب کی کرپشن بچانے کے لیے ملک کی عزت داؤ پر لگا سکتا ہوں۔
مراد سعید نے مزید لکھا کہ ایک پرچی کو بنیاد بنا کر پارٹی چیئرمین بن سکتا ہوں، سیاسی مفاد کے لیے نام بدل سکتا ہوں، ایک سال کی عمر میں کمپنی کا ڈائریکٹر لگ سکتا ہوں۔
ایک پرچی کو بنیاد بنا کے پارٹی چئیرمین بن سکتا ہوں، سیاسی مفاد کیلئے نام بدل سکتا ہوں،ایک سال کی عمر میں کمپنی کا ڈائریکٹر لگ سکتا ہوں، مگر احتساب کی بات مت کرنا، والد صاحب کی کرپشن بچانے کیلئے ملک کی عزت داؤ پہ لگا سکتا ہوں۔ اپنے ملک میں چور ہوں تو کیا،دشمن کا تو آج ہیرو ہوں ناں pic.twitter.com/vaFU6aICIa
— Murad Saeed (@MuradSaeedPTI) March 21, 2019
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلاول بھٹو نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ملک مخالف بیان دیا تھا جس پر بھارتی میڈیا نے واویلا مچایا اور بلاول بھٹو کے بیان کو بنیاد بنا کر پاکستان پر تنقید کی۔
دوسری جانب اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کرنل (ر) امجد شعیب نے بلاول بھٹو کے بیان پر ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
مزید پڑھیں: بلاول والد کی کرپشن یا اپنے سیاسی مستقبل میں سے ایک کا انتخاب کریں، مراد سعید
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ بلاول بھٹو والد آصف زرداری کی کرپشن یا اپنے سیاسی مستقبل میں سے ایک کا انتخاب کریں، انہوں نے بھی آج وہی کیا جو نواز شریف کیا کرتے تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلاول زرداری کو اپنی چوری بچانے کیلئے سیاست کے استعمال کا مشورہ جس نے بھی دیا وہ ان کا خیرخواہ نہیں ہے، بلاول سمجھ لیں کہ سیاست کی آڑ میں سنگین جرائم کے تحفظ کا نسخہ اب کارگر نہیں رہا۔