اسلام آباد: وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ شہدا کے ساتھ کھڑا ہونےکے بجائےحادثاتی چیئرمین فسادیوں کے ساتھ کھڑا ہے.
ان خیالات کا اظہار مراد سعید نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کیا.
انھوں نے کہا، سوچا تھا، پرچی والا چیئرمین اپنے والد کے سیاہ کارناموں پر معافی مانگے گا، قبائلی عوام سے سچ بولے گا، مگر ایسا نہیں ہوا، چارسدہ کا جلسہ حادثاتی چیئرمین کے لئے سیاسی شرمندگی کا سامان کر گیا.
مراد سعید نے کہا کہ حکومت162ارب ضم شدہ اضلاع کی تعمیر و ترقی پرصرف کرنے جا رہی ہے، حادثاتی چیئرمین کی جماعت نے چھ بار آئی ایم ایف کی دہلیز پر سجدہ کیا، حادثاتی چیئرمین اپنے والد کے جرائم پر شرمندہ کیوں نہیں ہوتا.
انھوں نے کہا کہ حادثاتی چیئرمین پاناما کوئین کا اتحادی، ڈرگ لارڈ کا وکیل بن گیا، پختونخوا کے عوام کا سیاسی شعور دیگر حصوں سے سب سے زیادہ ہے، وہاں کے عوام نے حادثاتی چیئرمین کے والد کی سیاست، کرپشن دریا برد کر دی، حادثاتی چیئرمین فاٹا انضمام کے مخالف مولوی کے ہاتھ پربیعت کرچکا ہے.
مزید پڑھیں: قبائلی علاقوں کی تاریخ میں سب سے زیادہ پیسا آصف زرداری دور میں دیا گیا: بلاول بھٹو
عوام جانتے ہیں کہ پی پی پی نے سندھ کوایڈز جیسی جان لیوا بیماری کاگڑھ بنا دیا، پی پی نے تھر کو موت کی وادی، کراچی کو کوڑے کا ڈھیر بنا ڈالا، پی پی کے کرتوتوں پرسپریم کورٹ کہنے پرمجبورہوگئی ہے کہ سندھ کرپٹ ترین صوبہ ہے
انھوں نے کہا کہ جتنا مرضی شور مچائیں چوروں، منشیات کا دھندہ کرنے والوں سے رعایت نہیں ہوگی، کراچی سے خیبر تک سیاست، حکومت اور معیشت آلودہ کرنے والوں کا محاسبہ کریں گے.