اسلام آباد : وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کے پاس عید کا اعلان کرنے کا اختیار ہے لیکن آج پورے پاکستان نے چاند کو دیکھ لیا کہ دوسرے دن کا ہے۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو چاند سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چاند دیکھنے کےلیے ہمیں جدید آلات کا استعمال کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آج پورے پاکستان نے چاند کو دیکھ لیا کہ دوسرے دن کا ہے لیکن عید کے اعلان کا اختیار رویت ہلال کمیٹی کے پاس ہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو اونٹ پہاڑ کے نیچے ہیں وہ یہ ہی کہیں گے نیب کو بند کردیں، ماضی میں آڈیو ٹیپ پبلک ہوئی اس کی وجہ سے نیب کو فرق نہیں پڑا اور سپریم کورٹ کے فیصلے سے بھی نیب کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 1997 میں قومی احتساب بیورو بنا اس کے بعد کئی حکومتیں آئیں، لیکن مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی نے نیب قوانین سے متعلق کچھ بھی نہیں کیا لیکن ہم نے موجودہ دور حکومت میں کہا کہ نیب قوانین میں اصلاحات لاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو کئی بار کہا نیب قوانین سے متعلق تجاویز ہیں تو اسمبلی میں لائیں، تجاویز اسمبلی میں نہیں لاسکتے تو کم از کم میڈیا میں ہی پیش کردیں۔
وفاقی وزیر نے مراد سعید پر کرپشن کے الزامات سے متعلق کہا کہ مراد سعید پر کرپشن کے الزامات کوئی تسلیم ہی نہیں کرسکتا کیونکہ مراد سعید پانی بھی سرکار نہیں پیتے اپنے ساتھ لاتے ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی تو عادت ہے کرپشن کے الزامات لگانے کی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ہی ایسے ہیں جن سے اصلاحات کی توقع کی جاسکتی ہے، اداروں میں ریفارمز ناگزیر ہے ہمیں اس طرف فوری توجہ دینی ہوگی۔