اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو اور ن لیگ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، جس نے کہا تھا گلیوں میں نہ گھسیٹا تو نام بدل دینا، آج دونوں ایک ساتھ ہیں۔ عوام کے ایشوز پر اکٹھے ہوتے تو بات سمجھ میں آتی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا کے ممبر کے نکات کی حمایت کرتا ہوں، فاٹا دہشت گردی سے متاثر رہا ہے، وہاں کے لوگ بہت کچھ دیکھ چکے۔ فاٹا ریفارمز کی تحریک کے دوران ہم بھی شانہ بشانہ کھڑے تھے۔
مراد سعید نے کہا کہ اپوزیشن نے یہاں بیٹھ کر تالیاں بجائیں، این ایف سی میں فاٹا کے لوگوں کو ان کا حق دے دیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے متعلق بات کی، انہوں نے سابق وزیر اعظم سے متعلق بھی بات کی۔ جس پر کیسز چل رہے تھے سابق وزیر اعظم نے اپنے جہاز میں اسے فرار کروایا۔
انہوں نے کہا کہ جن کے بچوں کی جائیدادیں سامنے آئیں وہ بھی اب تک مفرور ہیں، ہم نے کبھی نہیں کہا کہ 18 ویں ترمیم ختم کرنا چاہتے ہیں، بجلی کی تقسیم سے متعلق فارمولہ تھا اس پر من و عن عمل کرتے۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ ہم 18 ویں ترمیم کے حق میں ہیں، صوبوں کو ان کا حق دینے کے حق میں ہیں۔ نام نکالنے کا فیصلہ پسند ہے، سرکاری اسپتالوں کا فیصلہ پسند نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور ن لیگ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، جس نے کہا تھا گلیوں میں نہ گھسیٹا تو نام بدل دینا، آج دونوں ایک ساتھ ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈھائی کروڑ بچوں کو اسکول لانے پر بات کرتے تو خوشی ہوتی، گزشتہ 2 ادوار میں لیا گیا بھاری قرضہ کہاں خرچ ہوا۔ عوام کے ایشوز پر اکٹھے ہوتے تو بات سمجھ میں آتی۔
انہوں نے کہا کہ کسی پر جے آئی ٹی بنے تو آپ ریاست کو ڈائس پر کھڑے ہو کر نہیں لٹکا سکتے، ملک کو معاشی بحران سے نکالیں گے، پالیسیوں پر عمل ہو رہا ہے۔