اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ قانون موجود ہے، نیب آزاد ادارہ ہے، کرپشن پر کسی سے سوال ہوتا ہے تو جواب دینا چاہیئے۔ خدارا اپوزیشن کالی پٹیاں کشمیری بھائیوں کے لیے بھی پہن کر آئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں جب داخل ہوا تو اپوزیشن نے کالی پٹیاں باندھ رکھی تھی، مجھے لگا اپوزیشن والے دیر سے ہی سہی کشمیر پر آواز اٹھا رہے ہیں۔ بعد میں اندازہ ہوا اپوزیشن والے تو اپنا رونا رو رہے ہیں۔
مراد سعید نے کہا کہ قانون موجود ہے، نیب آزاد ادارہ ہے، کرپشن پر کسی سے سوال ہوتا ہے تو جواب دینا چاہیئے۔ کبھی سندھو دیش، کبھی سرائیکی تو کبھی پختونوں کی بات ہوتی ہے۔ اس وقت پورا کشمیر ہماری طرف دیکھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں بھارت بے نقاب ہوا، ہندو توا دنیا کے سامنے آیا۔ آج پاکستان کے مؤقف کو دنیا تسلیم کر رہی ہے۔ وزیر اعظم آج سعودی عرب اور پھر جنرل اسمبلی جا رہے ہیں۔ آج ہمیں پیغام دینا چاہیئے تھا کہ کشمیر کے لیے ہم ایک ہیں۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ افغان سرحد پر 5 جوان شہید ہوتے ہیں، کیا کسی سے ان کا نام سنا۔ دنیا میں پہلی بار پاکستان کا مثبت بیانیہ دنیا میں پھیل رہا ہے۔ سلامتی کونسل میں 53 سال بعد کشمیر پر بات ہو رہی ہے۔ 44 دن ہوگئے کشمیریوں کے پاس کھانا ہے نہ مواصلات کا نظام۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام پاکستان اور ایوان کی طرف دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میٹر ریڈر بھی انسان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا تھا زرداری اور ایان علی کو ایک اکاؤنٹ سے پیسے جاتے تھے۔ جمہوریت کے نام پر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی دونوں ایک ہوئے ہیں، خدارا اپوزیشن کالی پٹیاں کشمیری بھائیوں کے لیے بھی پہن کر آئے۔