پیر, فروری 10, 2025
اشتہار

احتجاج کے دوران فتنہ پرور عناصر کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کرنے والے عناصر کی نشاندہی کے لیے معاونت مانگ لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت مواصلات مراد سعید نے فتنہ پرور عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے نیشنل ہائی ویز اور موٹر ویز کو نقصان پہنچانے والوں کو کٹہرے میں لانے کا اعلان کردیا ہے۔

احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کرنے والے عناصر کی نشاندہی کے لیے معاونت مانگ لی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں بنائی جانے والی ویڈیوز اور تصاویر کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

وزیر مملکت مراد سعید کا کہنا ہے کہ آئین پرامن احتجاج کی اجازت دیتا ہے، احتجاجی قیادت کی جانب سے شرپسندوں سے لا تعلقی خوش آئند ہے۔ احتجاج کی آڑ میں املاک کے نقصان کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ احتجاج میں ملک بھر میں نیشنل ہائی ویز کی قیمتی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ املاک کی تعمیر و مرمت پر اربوں کے اخراجات اٹھیں گے۔ قومی خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچانے والوں کا محاسبہ کریں گے۔

مراد سعید کا مزید کہنا تھا کہ شر پسند عناصر کی نشاندہی کر کے انہیں کٹہرے میں لائیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند روز سے ملک بھر میں مذہبی جماعتوں کا احتجاج جاری تھا اور ملک کے مختلف شہروں میں دھرنے دیے جارہے تھے۔

مظاہروں کے دوران کئی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو جلایا گیا جبکہ کاروباری املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں