اسلام آباد : وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو چاہتے ہیں کہ والد زرداری اور انکل نوازشریف سے پوچھ گچھ بند ہوجائے،ان کو پی ٹی ایم کی ترجمانی کا شوق ستارہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہی۔ مراد سعید نے کہا کہ چارٹرآف ڈکیتی” آج ایک بار پھر پوری طرح بےنقاب ہوگئی۔
بلاول کرپٹ کرداروں کی وکالت کرنے میڈیا کے سامنے آئے، بلاول چاہتے ہیں والد اور انکل نوازشریف سے پوچھ گچھ بند ہوجائے، جتنا مرضی شور مچا لیں کرپشن کا خاتمہ کرکے رہیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں نے جتنے بھی مطالبات پیش کیے تمام تفصیلات دی جاچکی ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے نواز شریف سے کبھی پوچھنا گوارا تک نہیں کیا، ریاستِ پاکستان کے بجائے بلاول کو مودی جی کا مؤقف زیادہ اچھا لگتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی علاقوں میں امن کی واپسی سے زیادہ بلاول کو پی ٹی ایم کی ترجمانی کا شوق ستارہا ہے، بلاول سمجھتے ہیں کہ ریاست اور ریاستی اداروں پر کیچڑاچھال کربڑا لیڈربنا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: پارلیمنٹ میں لائے بغیر آئی ایم ایف ڈیل نہیں مانیں گے، بلاول بھٹو
واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرف کا بنایا ہوا کالا قانون قومی احتساب بیورو اور جمہوریت ساتھ نہیں چل سکتی، کالا قانون آمر کا قانون ہوگا، انصاف کا قانون نہیں ہوگا تو کیسے چلے گا، آئی ایم ایف ڈیل پارلیمنٹ میں لائے بغیر نہیں مانیں گے۔