اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ پرچی والے چیئرمین نے ٹھیک کہا قوم عدالتوں کی جانب دیکھ رہی ہے، بلاول اپنے ابو اور ابو کی کرپشن بچانے کیلئے دوڑ دھوپ میں مصروف ہیں۔
یہ بات انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی گفتگو کے ردعمل میں کہی، مراد سعید نے کہا کہ حادثاتی سیاستدان جان لے اسے نظریاتی نہیں’’نظر آتی‘‘کہتے ہیں، جو پرچی سے سیاست کا آغاز کرتے ہیں وہ مولوی کے کنٹینر پر’’نظر آتی‘‘ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آصف زرداری ادھرادھر ہونا بھی چاہیں تو انہیں موقع نہیں دیا جائے گا، کرپٹ ٹولہ بیماری کی آڑ میں رعایت اور پاکستان سے فرار ہونا چاہتا ہے، پرچی والے چیئرمین نے ٹھیک کہا قوم عدالتوں کی جانب دیکھ رہی ہے، پوری قوم تمام کرپٹ کرداروں کا بے لاگ احتساب چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اپنے ابو اور ابو کی کرپشن بچانے کیلئے دوڑ دھوپ میں مصروف ہیں، ملک کو آگے بڑھانا ہے تو لوٹ مار کرنے والوں سے چوری شدہ مال نکلوانا ہوگا، ابو بچانے کیلئے سندھ کارڈ پہلے کام آیا نا آئندہ کسی کام آئے گا۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان پی پی اور ن لیگ کے قرضوں کے10ارب ڈالر واپس کرچکے ہیں، کاروبار میں ترقی اور خسارے میں کمی کپتان کی ایک سال حکومت میں ہوئی ہے، حادثاتی سیاستدان جان لےعلاج کیلئے صحت انصاف کارڈ کا آغاز ہوچکا ہے، احساس پروگرام سے50ہزار طالب علموں کو اسکالرشپ دینے کا آغاز کیا گیا۔