اسلام آباد : وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو والد آصف زرداری کی کرپشن یا اپنے سیاسی مستقبل میں سے ایک کا انتخاب کریں، انہوں نے بھی آج وہی کیا جو نوازشریف کیا کرتے تھے۔
یہ بات انہوں نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی گفتگو پر اپنے رد عمل میں کہی، اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی نوازشریف سے ملاقات کے حقیقی رنگ سامنے آگئے ہیں، نواز شریف بھی نیب کی پیشی سے واپس آتے تھے تو اداروں کو للکارتے تھے، بلاول نے بھی آج وہی کیا جو سابق وزیر اعظم کیا کرتے تھے۔
مراد سعید نے کہا کہ لندن جائیداد کے سوال پرنوازشریف نے ووٹ کو عزت دو نعرہ لگایا جبکہ بلاول سے کرپشن اور لوٹ مار کی دولت کا سوال کیا گیا جواب آیا کہ تین وزیر نکالو، بلاول نے بتایا نہیں وفاقی کابینہ کا ان کے والد کی چوری سے کیا تعلق ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول زرداری کو اپنی چوری بچانے کیلئے سیاست کے استعمال کا مشورہ جس نے بھی دیا وہ ان کا خیرخواہ نہیں ہے، بلاول سمجھ لیں کہ سیاست کی آڑ میں سنگین جرائم کے تحفظ کا نسخہ اب کارگر نہیں رہا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی اگر احتساب سے نجات چاہتے ہیں تو خود پر لگے الزامات کا سنجیدگی سے جواب دیں، ان کو والد کی کرپشن یا اپنے سیاسی مستقبل میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا، کچھ بھی ہوجائے کرپشن اور لوٹ مار سے کمائی گئی دولت کا حساب تو بہرحال انہیں دینا ہی ہو گا۔