اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ، ہر بزرگ اور جوان کشمیریوں کے ساتھ ہے، ہمیں ملک کو سرسبز بنانا اور سياسی کچرا بھی صاف کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر زمین تنگ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری ہیں اور گزشتہ دو روز میں ہمارے کئی کشمیری بھائی شہید اور زخمی ہوئے، تمام پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ ہم عالمی فورمز پر بھی کشمیریوں کا مقدمہ لڑیں گے۔
مراد سعید کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو صاف اور سرسبز وشاداب بنانے کی مہم کا آغاز کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان پیر کو مون سون کی شجرکاری کا افتتاح کریں گے۔
اس موقع پر وزیر مواصلات مراد سعید نے ملک کو کوڑے کرکٹ کے ساتھ ساتھ سیاسی کچرے سے بھی پاک کرنے کا اعلان کیا۔
مزید پڑھیں : کراچی میں صفائی مہم کا باقاعدہ آغاز اتوار سے ایف ڈبلیو او کی نگرانی میں ہوگا، علی زیدی
واضح رہے کہ وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ کراچی میں صفائی مہم اتوار سے شروع ہوگی، کے ایم سی اور ڈی ایم سی کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، ایف ڈبلیو او کراچی صفائی مہم کی نگرانی کرے گا۔
یہ بات انہوں نے کراچی مہم کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مہم کے آغاز میں سب سے پہلے تمام نالوں کی صفائی کریں گے۔