اسلام آباد : وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ نوازشریف کے گھر کے باہر ہونے والے احتجاج کی مذمت کرتے ہیں،ن لیگ والے پہلے کہتے ہیں ووٹ کو عزت دو اور پھر کہتے ہیں ہمیں جانے کی اجازت دو۔
یہ بات انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کی تقریر کے جواب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔
مراد سعید نے کہا کہ لیگی رہنما جس گھر کے باہر احتجاج کی بات کررہے ہیں اس کو تو پہلے مانا ہی نہیں جاتا تھا، نوازشریف کے اس گھر کو ثابت کرنے میں ہمیں5سال لگے، نوازشریف کے گھر کے باہر ہونے والےاحتجاج کی مذمت کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ لوگ عجیب بات کرتے ہیں، جو کہتے ہیں اس کی خود نفی کرتے ہیں، پہلے کہتے رہے کہ ووٹ کو عزت دو اور پھر کہتے ہیں ہمیں اجازت دو۔
انہوں نے خواجہ آصف کی تقریر کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آج قومی اسمبلی میں ہمیں براہ راست بڑی بڑی دھمکیاں دی گئیں، یہ جانتے تھے کہ لندن سے واپسی پر ان سے سوال ہوں گے۔
بڑے بڑے محلات بنے ہیں یہ پاکستان کا پیسہ تھا لندن کیسے آگیا، یہ وہ جائیدادیں ہیں جن کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ لندن تو کیا پاکستان میں جائیدادیں نہیں۔
مراد سعید نے کہا کہ کشتیاں ہم بھی جلاسکتے ہیں، دھمکیوں کا کلچر نہیں چلے گا، ہم مقابلے کیلئے تیار ہیں، خواجہ آصف وفاقی وزیر ہوتے ہوئے متحدہ عرب امارات سے دھوبی یا مزدور کی تنخواہ لیتے رہے۔ احسن اقبال کے بھائی کو ٹھیکے کیسے ملے سوال تو پوچھیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف نے پریس کانفرنس میں کہا تھا برطانوی صحافی کو عدالت میں لے جاؤں گا، آپ نے اپنے قائد شہباز شریف سے پوچھا کہ لندن عدالت کیوں نہیں گئے؟احسن اقبال کے بھائی کو ٹھیکے کیسے ملے سوال تو پوچھیں گے۔
انہوں نے سلیمان شہباز کو کک بیکس سپیشلسٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سبز رنگ کی بلٹ پروف گاڑی میں کرپشن کا پیسہ منتقل کیا جاتا رہا۔ مراد سعید نے کہا کہ کیا شہباز شریف سے ٹی ٹی سے متعلق سوال پوچھا گیا؟ وہ شہزاد اکبر کے 18 سوالوں کا جواب کیوں نہیں دیتے؟