تازہ ترین

اگرصورتحال کا نہیں معلوم تو رانا ثناءاللہ اپنا منہ بند رکھیں، مراد سعید

لاہور : تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کہتے ہیں کہ پارلیمنٹ کو فیصلے کرنے چاہئیں، اگر ان کو صورت حال کا نہیں معلوم تو اپنا منہ بند رکھیں۔

یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگوکرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ ملک پر توجہ دینے کے بجائے پی ٹی آئی قیادت کیخلاف کیسز میں لگے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں ابھی لاشیں نکالی جارہی تھیں اور حکومت کو الیکشن کے التواء کی فکر تھی،ان لوگوں کا خون بھی خشک نہیں ہوا پہلے لاشیں نکالیں پھر سیاست ہوگی، ہم ملک میں امن چاہتے ہیں،امن ہوگا تو سیاست بھی ہوگی۔

مرادسعید نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پھرخون بہایا جارہا ہے اس پر اسلام آباد کو خصوصی توجہ دینی چاہیے، سوات میں لوگ نکلے تو وزیرداخلہ کہتے تھے کہ پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، وزیر دفاع خواجہ آصف جگتیں لگارہے تھے جبکہ وزیر خارجہ بلاول سیر سپاٹوں میں مصروف تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کئی بار توجہ دلائی کہ پھر سے ہمیں گریٹر گیم کا حصہ بنایا جارہا ہے، کئی مرتبہ درخواست کی کہ کیا آپ لوگ ہمارے جنازوں کا انتظارکررہے ہیں؟ میری توجہ دلانے کا مذاق اڑایا گیا۔

مرادسعید نے کہا کہ گزشتہ سال جون جولائی میں پارلیمنٹ کو ان کیمرا بریفنگ دی گئی تھی، جس میں افغانستان سے امریکی انخلا پر بات ہوئی تھی، اس میٹنگ میں ہم نے عسکری قیادت کو کچھ مشورے بھی دیئے تھے لیکن پی ٹی آئی کی حکومت میں پیشرفت نہیں ہوسکی تھی۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ رجیم چینج کے ڈھائی ماہ بعد ایک وفد افغانستان جاتا ہے اور طالبان سے بات ہوتی ہے، ہم نے جون میں پوچھا تھا کہ افغانستان جانے والا وفد کون سا مینڈیٹ لے کرگیا ہے، وفد کیا فیصلے کرکے آیا ہے کیا مذاکرات ہوئے ہیں؟ یہ بھی پوچھا کہ بارڈر کو سیل کردیا گیا ہے تو لوگ کیسے پاکستان آرہے ہیں؟ ہمارے ایک بھی سوال کاجواب نہیں دیا گیا۔

Comments

- Advertisement -